خلیجی ممالک کے تیل کی ترسیل کے راستے بھی نشانہ بنیں گے، ایران کا انتباہ

Oil Tanker Oil Tanker

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

ایران کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضاعی نے کہا ہے کہ ایران نہ صرف آبنائے ہرمز سے گزرنے والے آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کے لیے تیار ہے، بلکہ اگر علاقائی ممالک امریکا کی ایران مخالف پابندیوں میں شامل ہوئے تو خلیجی علاقے سے تیل کی ترسیل کے دیگر راستوں پر بھی حملہ کرے گا۔

رضاعی نے کہا کہ ایران تمام پڑوسی ممالک کو کہہ رہا ہے کہ وہ ایران کے خلاف امریکی اقتصادی جنگ میں شامل نہ ہوں، ورنہ تہران انہیں دشمن سمجھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پڑوسی ممالک امریکی پابندیوں میں شامل ہوئے تو خلیج اور آبنائے ہرمز سے تیل کا ایک قطرہ بھی نہیں نکلے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس صورت میں ایران خطے سے تیل کی برآمد کے دیگر راستوں کو بھی اپنا ہدف سمجھے گا۔ رضاعی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ تنازع کو پھیلانا نہیں چاہتی، لیکن اگر ایران کے پڑوسی امریکی اقتصادی جنگ میں اس کی حمایت کریں گے تو تہران ان کے مفادات کو نقصان پہنچائے گا۔