اشتیاق ہمدانی — گروزنی
چیچن جمہوریہ کے پہلے صدر اور روس کے قومی اعزاز ہیرو آف رشیا کے حامل احمد حاجی قادیروف کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر چیچنیا کے دارالحکومت گروزنی سمیت پورے خطے میں کئی روز تک سیاسی، سماجی، مذہبی، ثقافتی، تعلیمی، فلاحی اور کھیلوں کی تقریبات منعقد کی گئیں۔ 23 اگست 1951 کو پیدا ہونے والے احمد حاجی قادیروف کی یاد میں ہونے والی تقریبات کو روسی اور چیچن میڈیا نے وسیع کوریج دی، جبکہ روس کی اعلیٰ قیادت نے بھی ان کے کردار اور سیاسی ورثے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریبات کا مرکزی دن 23 اگست تھا۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اس موقع پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ احمد قادیروف کی قسمت اور سیاسی جدوجہد روس اور چیچنیا کی جدید تاریخ سے جدا نہیں کی جا سکتی۔ صدر پوتن کے مطابق احمد قادیروف اس بات پر یقین رکھتے تھے کہ چیچنیا کا مستقبل روس کے ساتھ وابستہ ہے اور ان کا نام روسی تاریخ میں ہمیشہ محفوظ رہے گا۔ انہوں نے احمد قادیروف کی جرأت، سیاسی عزم اور ان حالات میں اختیار کیے گئے راستے کا بھی ذکر کیا جب چیچنیا شدید بحران اور مسلح تصادم سے گزر رہا تھا۔
گروزنی میں مرکزی سرکاری تقریب داغون عمائیف پیلس آف سیلیبریشنز میں منعقد ہوئی، جس میں چیچن جمہوریہ کے سربراہ رمضان قادیروف سمیت روسی وفاق اور مختلف علاقوں سے اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ مہمانوں میں روسی نائب وزیراعظم الیکسی اوورچک، شمالی قفقاز وفاقی ضلع میں صدرِ روس کے نمائندے یوری چائیکا، تاتارستان کے رئیس رستم منیخانوف اور ایل ڈی پی آر کے سربراہ لیونید سلوتسکی شامل تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رمضان قادیروف نے اپنے والد کی سیاسی زندگی اور ان کے فیصلوں کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ احمد حاجی قادیروف نے انتہائی مشکل حالات میں ایسا راستہ اختیار کیا جس کا مقصد چیچن عوام کو امن کی طرف لانا اور جمہوریہ کو تعمیر و ترقی کی راہ پر واپس لانا تھا۔ رمضان قادیروف کے مطابق ولادیمیر پوتن اور احمد قادیروف کے درمیان سیاسی اعتماد نے اس وقت چیچنیا کی صورتِ حال بدلنے میں اہم کردار ادا کیا۔ مرکزی اجتماع کے بعد چیچن اسٹیٹ فلہارمونک کے فنکاروں نے خصوصی ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا۔
تاتارستان کے سربراہ رستم منیخانوف خصوصی طور پر گروزنی پہنچے۔ انہوں نے احمد حاجی قادیروف کی قبر پر حاضری دی اور دعا کے ذریعے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ روسی سیاسی حلقوں میں ان کی شرکت کو وفاقی سطح پر احمد قادیروف کی یاد میں ہونے والی تقریبات کی اہمیت کی علامت قرار دیا گیا۔