ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
نئی تحقیق کے مطابق سوشل میڈیا کے نقصانات سے آگاہ کرنے والے پاپ اپ پیغامات نوجوانوں کے سوشل میڈیا استعمال کو کم کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ محققین کا کہنا ہے کہ الکوحل اور تمباکو کی طرح سوشل میڈیا پر بھی انتباہی لیبلز فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں، جیسے کہ “سوشل میڈیا نیند کے مسائل کا باعث بنتا ہے” یا “سوشل میڈیا نوجوانوں کی ذہنی صحت کو نقصان پہنچاتا ہے”۔ یہ پاپ اپ پیغامات جے اے ایم اے ہیلتھ فورم میں شائع ہونے والی تحقیق کا حصہ تھے، جن میں ڈپریشن، بے چینی، جسمانی عدم اطمینان اور نیند میں خلل جیسے خطرات کے بارے میں بتایا گیا۔
محققین نے 13 سے 29 سال کی عمر کے 1,000 سے زائد نوجوانوں پر 14 انتباہات کا تجربہ کیا، جن میں سوشل میڈیا کی لت، منفی جسمانی تصور، نیند میں خلل، ڈپریشن اور بے چینی شامل تھے۔ شرکاء نے بتایا کہ یہ پیغامات ان کے سوشل میڈیا استعمال کو کم کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ ذہنی صحت کے انتباہات سب سے زیادہ مؤثر ثابت ہوئے، جبکہ لت کے انتباہات کم کارگر رہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ لوگ ان نقصانات سے واقف ہیں اور وہ انہیں اپنے یا اپنے دوستوں کے ساتھ ہوتے دیکھ سکتے ہیں۔