اسرائیلی سیاح تھائی ثقافت اور روایات کا احترام کریں، تھائی لینڈ

Thailand Flag Thailand Flag

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

تھائی لینڈ کے وزیر خارجہ سہاسک پھوانگ کیٹ کیو نے کہا ہے کہ اسرائیل کو اپنے شہریوں کو واضح کرنا چاہیے کہ تھائی لینڈ میں ان سے کیسا رویہ متوقع ہے۔ سہاسک، جو نائب وزیراعظم بھی ہیں، نے منگل کو اسرائیلی سفیر الونا فشر کام سے ملاقات کی، جس میں اسرائیلی شہریوں کے مبینہ مجرمانہ واقعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر نے کہا کہ تھائی لینڈ سیاحوں کا خیرمقدم کرتا ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ کسی بھی قومیت کے زائرین تھائی لینڈ میں جو چاہیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کو تھائی ثقافت اور روایات کا احترام کرنا چاہیے۔ اسرائیلی سفیر نے کہا کہ تھائی لینڈ میں اسرائیلیوں اور یہودیوں کے خلاف بڑھتی ہوئی دشمنی پر تشویش ہے، اور یہ ملاقات کھلی اور اچھی رہی۔سہاسک نے کہا کہ انہوں نے اسرائیل سے کہا ہے کہ وہ تھائی لینڈ میں اسرائیلی شہریوں کے رویے کو یقینی بنانے کے لیے زیادہ فعال کردار ادا کرے۔