ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
مالدووا نے ناروے کے وزیراعظم کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کا طیارہ چیسیناؤ سے روانگی کے وقت ڈرون کی زد میں آتے آتے بچا تھا۔ مالدووا کا کہنا ہے کہ طیارہ کبھی کسی براہ راست خطرے میں نہیں تھا۔ ناروے کے وزیراعظم جوناس گاہر اسٹور نے بدھ کو کہا تھا کہ زیلنسکی کا طیارہ ڈرون سے تقریباً ٹکرا گیا تھا جب وہ مالدووا سے اوسلو جا رہے تھے۔ تاہم جمعرات کو مالدووا کی حکومت کے ترجمان نے اس بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ زیلنسکی کی پرواز میں تاخیر اس لیے ہوئی کیونکہ مالدووا نے ڈرون الرٹ کے بعد عارضی طور پر اپنی فضائی حدود بند کر دی تھی۔ انہوں نے زور دیا کہ طیارے کو کوئی براہ راست خطرہ نہیں تھا اور وہ فضائی حدود بندش کے دوران زمین پر ہی موجود تھا۔ مالدووا کے حکام کے مطابق مبینہ ڈرون چیسیناؤ ہوائی اڈے سے تقریباً 160 کلومیٹر دور ایک گاؤں کے قریب گر کر پھٹا، جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے بھی زیلنسکی کے طیارے کو لاحق مبینہ خطرے کو “فرضی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی خطرہ موجود نہیں تھا۔