پاکستان میں مسافر ٹرین پٹری سی اترگئی، 6 مسافر جاں بحق

Pakistan railways Pakistan railways

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)

پنجاب کے شہر ملتان میں شیرشاہ پل کے قریب مسافر ٹرین رحمٰن بابا ایکسپریس کی تمام 14 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس کے نتیجے میں 6 مسافر جاں بحق اور 30 افراد زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق یہ ٹرین کراچی سے پشاور جا رہی تھی کہ ملتان کے علاقے شیرشاہ پل کے قریب یہ خوفناک حادثہ پیش آیا۔ حادثے کے بعد موقع پر امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئیں اور متاثرہ مسافر اپنے سامان کے ساتھ پٹڑی کے کنارے موجود ہیں۔ ریلوے حکام کے مطابق حادثے کے باعث اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے، جس سے ریلوے نظام متاثر ہوا ہے اور مختلف روٹس پر ٹرینیں تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں۔

حکام کی جانب سے زخمیوں کو نشتر اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جہاں انہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور امدادی کام تیزی سے جاری ہیں۔ ریلیف ٹرین بھی جائے وقوع پر پہنچ گئی ہے تاکہ متاثرہ مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے اور مزید امدادی سامان پہنچایا جا سکے۔

ادھر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے رحمٰن بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹڑی سے اترنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے زخمی ہونے والے افراد سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت جاری کی ہے کہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں اور امدادی کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے۔

ریلوے حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، تاہم ابتدائی اطلاعات میں تاحال حادثے کی اصل وجہ سامنے نہیں آ سکی۔ مزید تفصیلات کی توقع ہے۔