گوگل نے اے آئی ایجنٹس کے ذریعے پہلے مکمل خودکار سائبر حملے کا انکشاف کر دیا

Hackers Hackers

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)

گوگل نے انکشاف کیا ہے کہ روسی ہیکرز نے مصنوعی ذہانت کے خودکار ایجنٹس استعمال کرتے ہوئے ممکنہ طور پر دنیا کا پہلا مکمل خودکار سائبر حملہ کیا ہے، جس میں فرانسیسی ویب سائٹس کو نشانہ بنایا گیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حملے کی خاص بات یہ تھی کہ سافٹ ویئر کی سیکیورٹی خامیوں کی نشاندہی اور ان سے فائدہ اٹھانے کے لیے کسی انسانی مداخلت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ رپورٹ کے مطابق گوگل کے تھریٹ انٹیلی جنس ڈویژن نے 16 نومبر کو بتایا کہ حملہ آوروں نے مصنوعی ذہانت پر مبنی متعدد ایجنٹس استعمال کیے، جو خودمختار طور پر سیکیورٹی کی خامیوں کی نشاندہی کرنے اور ان سے فائدہ اٹھانے کے طریقے تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔

رپورٹ کے مطابق یہ اے آئی ایجنٹس سیکیورٹی اپ ڈیٹس سے پہلے اور بعد میں سافٹ ویئر کے کوڈ کا مسلسل موازنہ کرتے رہے، ممکنہ کمزوریوں کی نشاندہی کی اور خودکار طریقے سے ان سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایکسپلائٹس تیار کیے۔ ایکسپلائٹس ایسے ٹولز یا تکنیکوں کو کہا جاتا ہے جن کے ذریعے سافٹ ویئر کی سیکیورٹی خامیوں سے فائدہ اٹھایا جاتا ہے۔ گوگل کے مطابق یہ پہلا موقع تھا جب اس نے مصنوعی ذہانت کو انسانی مداخلت کے بغیر سیکیورٹی کی خامیوں کی تلاش اور ان سے فائدہ اٹھانے کے دونوں مراحل مکمل طور پر خودکار بنانے کے لیے استعمال ہوتے دیکھا۔

حملہ آوروں نے فرانس کی میڈیا، تفریحی اور تعلیمی شعبوں سے وابستہ ویب سائٹس کو نشانہ بنایا۔ گوگل نے تکنیکی دستاویزات میں استعمال ہونے والی زبان کی بنیاد پر ہیکرز کو روسی زبان بولنے والا گروہ قرار دیا ہے، تاہم اس شناخت سے نہ تو ان کی قومیت ثابت ہوتی ہے اور نہ ہی روسی حکومت سے ان کا کوئی تعلق ثابت ہوتا ہے۔

اس سے قبل جدید ترین اے آئی سسٹمز کے استعمال کے باوجود سائبر حملوں کی رہنمائی، تکنیکی غلطیوں کی اصلاح اور کارروائی کو آگے بڑھانے کے لیے عموماً ماہر انسانی آپریٹرز کی ضرورت ہوتی تھی، تاہم حالیہ سرگرمی سے ظاہر ہوتا ہے کہ اب حملہ آور سائبر حملوں کے مزید مراحل کو خودکار بنانے کے قابل ہو سکتے ہیں، جس سے ایسے حملوں کی رفتار بڑھنے اور انہیں بڑے پیمانے پر انجام دینا آسان ہونے کا خدشہ ہے۔

یہ انکشاف ایسے وقت سامنے آیا ہے جب مصنوعی ذہانت کے تیزی سے خودمختار ہوتے ایجنٹس کے باعث سائبر سیکیورٹی کو لاحق خطرات پر تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔