ماسکو میں پاکستان اور روس کے توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون پر مذاکرات

Awais Leghari Awais Leghari

ماسکو (صدائے روس)

پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون کے بین الحکومتی کمیشن کا 11واں اجلاس ماسکو میں منعقد ہوا۔ پاکستانی وفد کی سربراہی وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس لغاری اور روسی وفد کی سربراہی وزیرِ توانائی سرگئی تسیلیوف نے کی۔ اجلاس میں دونوں ملکوں نے توانائی کے شعبے میں تعاون، بین الاقوامی شمال–جنوب ٹرانسپورٹ راہداری کے تحت ریل رابطے کو فروغ دینے اور کراچی میں اسٹیل پلانٹ کی بحالی پر تبادلۂ خیال کیا۔ ادویہ سازی میں تعاون، ماہرین کی تربیت اور مشترکہ خلائی منصوبے بھی زیرِ بحث آئے۔

اجلاس کے موقع پر صدائے روس کے چیف ایڈیٹر اشتیاق ہمدانی نے روسی وزیرِ توانائی سرگئی تسیلیوف سے پوچھا کہ پاکستان کو روسی توانائی وسائل، بالخصوص مائع قدرتی گیس (ایل این جی) اور مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی فراہمی بڑھانے کے لیے کن امور کو طے کرنا ضروری ہے؟

جواب میں سرگئی تسیلیوف نے کہا روس پاکستان کو توانائی وسائل فراہم کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ اس کے لیے ہمیں کئی انتظامی اور تکنیکی معاملات پر اتفاق کرنا ہوگا۔ ان میں ایک اہم معاملہ یہ ہے کہ پاکستان تیل اور گیس کے شعبے میں روسی معیارات کو تسلیم کرے۔ روسی وزیر کے مطابق ان معیارات کو تسلیم کیے جانے سے روس اپنی مصنوعات پاکستانی منڈی میں زیادہ تیزی سے فروخت کر سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا، ’’ہم اس معاملے پر اپنے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ یہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔‘‘