ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ایسے افراد کے 2 لاکھ تک کاروباری اور سیاحتی ویزے منسوخ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جنہوں نے امریکہ پہنچنے کے بعد ملک میں رہنے کے لیے پناہ کی درخواست دی ہے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ اقدام ویزے منسوخ کرنے کی امریکی تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی ہو سکتی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پیگوٹ نے کہا کہ حکام اس معاملے پر محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایسے غیر ملکیوں کے غیر تارکینِ وطن ویزے منسوخ کرنے کے لیے رابطے میں ہیں جو مختصر مدت کے لیے امریکہ آنے کا دعویٰ کرکے آئے، لیکن بعد میں مستقل طور پر رہنے کے لیے پناہ کی درخواست دے دی۔
پیگوٹ نے یہ نہیں بتایا کہ کتنے افراد کے ویزے منسوخ کیے جا سکتے ہیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ عمل مسلسل جاری رہے گا اور کارروائی مرحلہ وار کی جائے گی۔ حکام کے مطابق اس کا مقصد ایسے افراد کے خلاف کارروائی کرنا ہے جنہوں نے سیاحت یا کاروبار کے لیے امریکہ کا ویزا حاصل کیا، لیکن بعد میں پناہ کی درخواست دے دی۔