ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
بنگلادیش نے تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے فیصلہ کن میچ میں پاکستان کو 11 رنز سے شکست دے کر سیریز بھی 2-1 سے جیت لی۔ میرپور میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ہوم ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز بنائے۔ اوپننگ بلے باز تنزید حسن نے 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں۔ لٹن داس نے 41، سیف حسن نے 36 اور نجم الحسن شانتو نے 27 رنز بنائے۔ اننگز کے آخری لمحات میں توحید ہریدوئے نے 44 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ مستحکم کیا۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاہین آفریدی اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ شروعات میں کمزور رہی اور ابتدائی 3 وکٹیں صرف 13 رنز پر گر گئیں۔ صاحزادہ فرحان 6، معاذ صداقت 6 اور محمد رضوان 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ عبدالصمد نے 34 اور غازی غوری نے 29 رنز بنائے، لیکن دونوں بالترتیب 67 اور 82 کے مجموعے پر آؤٹ ہو گئے۔
بعد ازاں سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو جیت کے قریب پہنچایا۔ انہوں نے معاذ مسعود اور فہیم اشرف کے ساتھ شراکت داری کی اور 106 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں۔ معاذ 38 اور شاہین آفریدی 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بنگلادیش نے میچ 11 رنز سے اپنے نام کیا اور اس کے ساتھ تین ون ڈے میچز کی سیریز بھی اپنے نام کر لی۔ بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مستفیض الرحمان نے 3، ناہید رانا نے 2 اور رشد حسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ تنزید حسن کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے بتایا کہ شامل حسین اور حسین طلعت انجری کے باعث دستیاب نہیں تھے، ان کی جگہ سعد مسعود اور غازی غوری کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ تیسرے ون ڈے میں پاکستان کی جانب سے غازی غوری اور سعد مسعود نے ڈیبیو کیا۔
پاکستان کی ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، غازی غوری، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عبدالصمد، سعد مسعود، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل تھے۔ واضح رہے کہ پہلے ون ڈے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی۔