(ماسکو) اشتیاق ہمدانی
5 اگست کو یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ماسکو میں پاکستان کے سفارتخانے میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔ تقریب میں پاکستان اور کشمیر کا قومی ترانہ بھی پیش کیا جنہوں نے شرکاء کے جذبے کو مزید جلا بخشی۔
تقریب میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور آرٹیکل 370 کے خاتمے کے اقدام کی شدید مذمت کی گئی۔ روس میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے کشمیری بھائیوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
سفیرِ پاکستان خالد جمالی نے اس موقع پر وزیرِ اعظم پاکستان کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا، جس میں کشمیری عوام کی لازوال جدوجہدِ آزادی کو خراج تحسین پیش کیا اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ تقریب کے اختتام پر کشمیری شہداء کے لیے دعا کی گئی اور عزم کیا گیا کہ کشمیریوں کو اُن کا حقِ خود ارادیت دلوانے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔