ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 ہنگامی صورتحال کے بعد سعودی عرب کے شہر تبوک میں بحفاظت اتار لی گئی۔ واقعے کے دوران طیارے سے پہلے عمومی ہنگامی کوڈ 7700 اور بعد ازاں ممکنہ ہائی جیکنگ یا غیر قانونی مداخلت کی نشاندہی کرنے والا کوڈ 7500 جاری کیا گیا، جس سے طیارے کے ہائی جیک ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
پرواز دبئی سے تل ابیب جارہی تھی اور سعودی عرب کے اوپر سے گزرتے ہوئے ہنگامی سگنل جاری کیے گئے۔ اس کے بعد طیارے نے اپنا رخ تبدیل کیا اور شمال مغربی سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ واقعے کے دوران اسرائیل نے بھی اپنے جنگی طیارے روانہ کیے تھے۔ ابتدائی طور پر واقعے کو ممکنہ ہائی جیکنگ کے طور پر دیکھا گیا، تاہم بعد میں اسرائیلی حکام نے واضح کیا کہ طیارہ ہائی جیک نہیں ہوا تھا۔ دستیاب اطلاعات کے مطابق دورانِ پرواز دونوں پائلٹوں کے درمیان جسمانی جھگڑا ہوا، جس کے نتیجے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوئی اور طیارے سے مختلف ہنگامی سگنل جاری ہوئے۔
طیارے میں تقریباً 180 مسافر سوار تھے اور تمام مسافروں کے محفوظ ہونے کی اطلاع ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔