اسلام آباد (صداۓ روس)
عیدالاضحیٰ کے موقع پر ماہرین صحت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ قربانی کے گوشت کا غیر متوازن اور ضرورت سے زیادہ استعمال معدے، دل اور شوگر کے مریضوں کے لیے سنگین مسائل پیدا کر سکتا ہے۔ اس لیے گوشت کھانے میں اعتدال اور احتیاط برتنا ضروری ہے۔ جنرل فزیشن ڈاکٹر روحینہ احسان ملک نے بتایا کہ ہر سال عیدالاضحیٰ کے ایام اور اس کے فوراً بعد اسپتالوں میں بدہضمی، اسہال، ڈائریا اور معدے کے دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کی بڑی وجہ مسلسل اور زیادہ مقدار میں گوشت کا استعمال ہوتا ہے۔
ڈاکٹر روحینہ نے مشورہ دیا کہ قربانی کے گوشت کو مناسب درجہ حرارت پر محفوظ کرنا اور مقررہ مدت کے اندر استعمال کرنا چاہیے۔ طویل عرصے تک فریزر میں رکھا گیا گوشت صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوشت کو اچھی طرح دھو کر مکمل پکا کر کھایا جائے اور ہفتے میں محدود مقدار میں استعمال کیا جائے۔ متوازن غذا کے ساتھ سبزیوں، سلاد اور پانی کا استعمال بھی بڑھانا چاہیے۔
ماہر امراض قلب ڈاکٹر زین شاہ نے دل کے مریضوں کو مشورہ دیا کہ وہ کلیجی، مغز، گردے، تلی اور دیگر چربی و کولیسٹرول سے بھرپور اشیا سے حتی الامکان پرہیز کریں۔