برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے مستعفی ہونے کی قیاس آرائیاں

Keir Starmer Keir Starmer

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

برطانیہ میں وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے قیاس آرائیاں شدت اختیار کر گئی ہیں۔ برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیبر پارٹی کے اندر کم ہوتی حمایت اور بڑھتے ہوئے سیاسی دباؤ کے باعث یہ چہ مگوئیاں گردش کر رہی ہیں کہ وزیراعظم اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے امکانات پر غور کر سکتے ہیں۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم اسٹارمر پیر کے روز اپنے سیاسی مستقبل سے متعلق اہم اعلان کر سکتے ہیں، جس میں ممکنہ طور پر قیادت کی منتقلی کے لیے کسی ٹائم لائن یا لیبر پارٹی کی آئندہ حکمت عملی کا خاکہ پیش کیا جا سکتا ہے۔ تاہم برطانوی حکومت یا وزیراعظم آفس کی جانب سے ان اطلاعات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لیبر پارٹی کے بعض اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے وزیراعظم پر دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ پارٹی کی آئندہ سمت اور اپنی قیادت کے بارے میں واضح مؤقف اختیار کریں۔ یہ بحث اس وقت مزید شدت اختیار کر گئی جب Andy Burnham حالیہ ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ایک مضبوط سیاسی شخصیت کے طور پر سامنے آئے۔

برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے مطابق لیبر پارٹی کے اندر اینڈی برنہم کی حمایت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور انہیں مستقبل میں پارٹی قیادت کے ممکنہ امیدوار کے طور پر بھی زیرِ غور لایا جا رہا ہے۔ بعض غیر مصدقہ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہیں بڑی تعداد میں اراکین پارلیمنٹ کی حمایت حاصل ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے باوجود وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے تاحال استعفے کا کوئی عندیہ نہیں دیا اور نہ ہی لیبر پارٹی کی قیادت میں فوری تبدیلی کے حوالے سے کوئی سرکاری اعلان سامنے آیا ہے۔ اس لیے ان خبروں کو فی الحال سیاسی قیاس آرائیوں اور اندرونی پارٹی مباحث کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔