روس میں انتخابات، نئی سیاسی آوازیں اور ماسکو کی سڑکوں پر انتخابی مہم

Ishtiaq Hamdani Ishtiaq Hamdani

ماسکو : اشتیاق ہمدانی

روس میں 18، 19 اور 20 ستمبر 2026 کو نویں ریاستی دوما یعنی روسی پارلیمان کے ایوان زیریں کے انتخابات ہوں گے۔ اس انتخابی عمل میں ریاستی دوما کی 450 نشستوں کے لیے ووٹنگ ہوگی اور منتخب ارکان آئندہ پانچ سال کے لیے پارلیمان میں نمائندگی کریں گے۔ وفاقی انتخابات کے ساتھ روس کے مختلف علاقوں میں علاقائی اور مقامی سطح کے متعدد انتخابات بھی منعقد کیے جائیں گے۔

روس کا پارلیمانی انتخابی نظام دو حصوں پر مشتمل ہے۔ 225 نشستیں پارٹی لسٹ کے تحت متناسب نمائندگی کے نظام کے ذریعے، جبکہ 225 نشستیں سنگل ممبر حلقوں کے ذریعے پُر کی جاتی ہیں۔ پارٹی لسٹ کے ذریعے نشستیں حاصل کرنے کے لیے کسی جماعت کو وفاقی سطح پر کم از کم پانچ فیصد ووٹ درکار ہیں۔ روس کے اندر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 111 ملین سے زیادہ ہے۔ پارٹی لسٹوں اور سنگل ممبر حلقوں کو ملا کر چار ہزار سے زیادہ امیدوار رجسٹرڈ کیے گئے ہیں۔ ماسکو میں 13 سنگل ممبر حلقے ہیں، جہاں ووٹر اپنے حلقے کے امیدوار اور پارٹی لسٹ دونوں کے لیے ووٹ دے سکیں گے۔ روس کے انتخابی نظام میں الیکٹرانک ووٹنگ کا دائرہ بھی بڑھا ہے، جہاں ماسکو سمیت متعدد علاقوں میں فاصلاتی الیکٹرانک ووٹنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ماسکو کی ایک سڑک پر روس کی نسبتاً نئی سیاسی جماعت نوویے لیودی (“نئے لوگ”) کے کارکن شہریوں میں انتخابی مواد تقسیم کر رہے تھے۔ یہ جماعت 2020 میں قائم ہوئی اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے ٹیکس اور انتظامی بوجھ میں کمی کی حمایت کرتی ہے۔ حتمی فیصلہ 18، 19 اور 20 ستمبر کو ووٹرز کے ہاتھ میں ہوگا۔