ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
دفتر خارجہ کے مطابق ایران کا اعلیٰ سطح کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے، جس کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں۔ وفد میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی شامل ہیں، جو اہم مذاکرات میں شرکت کریں گے۔ وفد کا استقبال نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کیا، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ فریقین تعمیری انداز میں مذاکرات کو آگے بڑھائیں گے، جبکہ پاکستان نے تنازع کے پائیدار اور دیرپا حل کے لیے اپنی سہولت کاری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دوسری جانب امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس بھی اسلام آباد کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مثبت مذاکرات کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نیک نیتی دکھائے تو امریکا بھی تیار ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والے ان مذاکرات میں امریکی وفد کی نمائندگی نائب صدر جے ڈی وینس، نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کُشنر کریں گے۔ ایرانی وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اسپیکر محمد باقر قالیباف شامل ہیں، جبکہ پاکستان نے غیر ملکی وفود اور صحافیوں کے لیے ویزا سہولت بھی فراہم کر دی ہے۔