اسلام آباد (صداۓ روس)
وفاقی حکومت نے اسپین میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کو قانونی حیثیت دینے کے لیے اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ اس اسکیم سے تقریباً 15 ہزار پاکستانی فائدہ اٹھائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز سالک حسین کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں اسپینش ریذیڈنٹ کارڈ حاصل کرنے کے حوالے سے پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین نے بتایا کہ اسپین میں غیر قانونی تارکین وطن کے لیے رجسٹریشن کے آغاز سے پہلے پاکستانیوں کو پاسپورٹ اور دیگر ضروری دستاویزات ایک ہفتے کے اندر جاری کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے وزارت داخلہ کی جانب سے مقیم پاکستانیوں کو بھرپور تعاون فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ کا جلد از جلد اجراء اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کسی مجرم یا مطلوب ملزم کو پاسپورٹ ہرگز جاری نہ کیا جائے۔ سفارت خانے کے پاسپورٹ سیکشن کے لیے اضافی عملہ فوری طور پر فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ نیشنل پولیس بیورو کی جانب سے کریکٹر سرٹیفکیٹ کی تصدیق کو آسان اور تیز کر دیا گیا ہے اور یہ سرٹیفکیٹس ترجیحی بنیادوں پر جاری کیے جا رہے ہیں۔
اسپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد اور قونصل جنرل بارسلونا نے اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ تمام ادارے مل کر پاکستانیوں کو ضروری دستاویزات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ اب تک پاکستانی سفارتخانے اور قونصل جنرل نے 10 ہزار افراد کو اتھارٹی لیٹر جاری کر چکے ہیں۔