روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی کا فوری خاتمہ کیا جائے، ہندوستان
دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک)
ہندوستان نے روس اور مغربی ممالک کے درمیان جاری تناؤ پر بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صورت حال کو پر امن کرنے کے لئے روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی کا فوری خاتمہ کیا جائے. ہندوستان نے یوکرین کے مسئلہ پر بات چیت کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی میٹنگ میں کہا کہ وہ فوری طور پر کشیدگی کو کم کرنے کے طریقے تلاش کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل نمائندے ٹی ایس ترومورتی نے بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ (یوکرین)‘ کے مسئلہ پر کہا، ’ہندوستان ایک ایسا حل تلاش کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے جس سے فوری طور پر کشیدگی کو کم کرنے میں مدد مل سکے۔ ہم تمام متعلقہ فریقوں سے بھی رابطے میں ہیں۔
ہندوستان نے مزید کہا کہ ہم تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ تمام قسم کے سفارتی ذرائع سے روابط جاری رکھیں اور ’مینسک پیکیج‘ کے مکمل نفاذ کے لیے کام کریں۔ ٹی ایس ترومورتی نے کہا کہ ہم یوکرین کشیدگی کم کرنے کے لیے مینسک معاہدے اور نارمینڈی فارمیٹ سمیت جاری کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔