ملک میں مہنگائی میں مزید اضافہ، سبزیاں اور اشیائے خورد و نوش مزید مہنگی

Pakistani Vegetable Sabzi Pakistani Vegetable Sabzi

اسلام آباد (صداۓ روس)

ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں سبزیوں، گوشت، دودھ اور دیگر اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ادارۂ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.46 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح 15.28 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ 11 اشیاء سستی اور 15 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ سبزیوں میں ٹماٹر کی قیمت میں سب سے زیادہ 16.65 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ آلو 6.82 فیصد مہنگے ہو گئے۔ اسی طرح چکن کی قیمت میں 5.60 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے عام صارفین کے گھریلو اخراجات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

ادارۂ شماریات کے مطابق دودھ، دہی، مٹن اور انڈوں سمیت متعدد روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔ علاوہ ازیں واشنگ سوپ کی قیمت 1.16 فیصد اور ایل پی جی کی قیمت 0.51 فیصد بڑھ گئی، جس سے گھریلو بجٹ پر مزید دباؤ پڑا ہے۔ دوسری جانب بعض اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ پیاز 2.98 فیصد، لہسن 2.51 فیصد اور کیلے 1.28 فیصد سستے ہوئے۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 1.06 فیصد اور پیٹرول کی قیمت میں 0.52 فیصد کمی دیکھی گئی، جبکہ مختلف دالوں اور آٹے کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین اقتصادیات کے مطابق خوراک کی بڑھتی ہوئی قیمتیں عام شہریوں، خصوصاً کم آمدن والے طبقے کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سبزیوں، گوشت اور دودھ جیسی بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کی قوتِ خرید کو متاثر کر رہا ہے۔