یورپ روس کی شکست کا خواہاں ہے، غیر جانبدار فریق نہیں، لاوروف

Sergey Lavrov Sergey Lavrov

ماسکو (صداۓ روس)

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ یورپی ممالک یوکرین تنازع میں روس کی شکست کے خواہاں ہیں، اس لیے انہیں غیر جانبدار مبصر یا ثالث کے طور پر نہیں دیکھا جا سکتا۔ سرگئی لاوروف نے اپنے مضمون یوکرین، یورپ اور عالمی سلامتی میں لکھا کہ روس مذاکرات کے دروازے بند نہیں کر رہا اور صدر ولادیمیر پوتن نے بھی سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل اکنامک فورم کے دوران واضح کیا تھا کہ ماسکو کسی بھی فریق کے ساتھ رابطوں اور بات چیت کی مخالفت نہیں کرتا۔ تاہم روسی وزیر خارجہ کے مطابق یورپی ممالک کی پالیسیوں اور بیانات سے واضح ہوتا ہے کہ وہ روس کو کمزور کرنے اور اسے اس تنازع میں شکست سے دوچار کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپی رہنما خود بھی کھلے عام ایسے مؤقف کا اظہار کر چکے ہیں، لہٰذا روس کے لیے یورپ کو ایک غیر جانبدار فریق تصور کرنا ممکن نہیں۔

لاوروف نے زور دیا کہ ایسے حالات میں یورپ کے ساتھ مذاکرات کو اس بنیاد پر آگے نہیں بڑھایا جا سکتا کہ وہ تنازع سے باہر کوئی غیر جانب دار مبصر ہے۔ ان کے مطابق یورپی ممالک کی جانب سے یوکرین کو مسلسل فوجی، مالی اور سیاسی حمایت فراہم کی جا رہی ہے، جس سے ان کی پوزیشن واضح ہو جاتی ہے۔ روسی وزیر خارجہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کا یہ مضمون ابتدا میں برسلز میں قائم یورپی خبر رساں پلیٹ فارم Politico Europe میں شائع ہونے کے لیے تیار کیا گیا تھا، تاہم ادارتی ٹیم نے آخری وقت میں اس کی اشاعت منسوخ کر دی۔ روس اور مغربی ممالک کے درمیان یوکرین تنازع کے باعث تعلقات بدستور کشیدہ ہیں، جبکہ یورپی ممالک روس پر پابندیوں اور یوکرین کی حمایت کی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہیں۔