ایران نے ایک اور امریکی C-130 طیارہ تباہ کردیا

C-130 C-130

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

ایران کی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکی ایئر فورس کا ایک C-130 ٹرانسپورٹ طیارہ تباہ کر دیا ہے۔ پاسداران انقلاب کے مطابق یہ طیارہ ایران میں گرائے گئے امریکی طیارے کے پائلٹ کی تلاش اور ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہا تھا۔ ایرانی فوج نے اسی آپریشن کے دوران کئی ڈرون بھی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ روسی ٹی وی چینل نے پائلٹ کی تلاش کے مقام پر ایک مشتبہ ہیلی کاپٹر کے گرنے کی ویڈیو جاری کی ہے۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے رپورٹ کیا ہے کہ دو امریکی ٹرانسپورٹ طیارے، جو کمانڈوز اور ایئر مین کو محفوظ مقام پر لے جانے کے لیے بھیجے گئے تھے، ایران کے ایک دور دراز علاقے میں پھنس گئے۔ بعد میں تین نئے طیارے بھیجے گئے تاکہ امریکی افواج کو نکالا جا سکے۔ کمانڈوز نے دونوں خراب طیاروں کو خود تباہ کر دیا تاکہ وہ ایرانیوں کے ہاتھ نہ لگ سکیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں گرنے والے F-15 طیارے کے ویپن آفیسر کو کامیابی سے بازیاب کروانے کی تصدیق کی تھی۔ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ چند گھنٹوں کے دوران امریکی فوج نے امریکی تاریخ کا سب سے جرات مندانہ ریسکیو آپریشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن میں درجنوں طیارے اور جدید ہتھیار استعمال کیے گئے۔ زخمی افسر کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ایک روز قبل ایک اور امریکی پائلٹ کو بھی خفیہ طور پر ریسکیو کیا گیا تھا۔