فلائی دبئی کی پرواز میں پائلٹ پر چاقو سے حملہ، طیارہ سعودی عرب پہنچ گیا

Fly Dubai Air Plane Fly Dubai Air Plane

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)

اسرائیل جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں مبینہ طور پر ہائی جیکنگ کی کوشش اور پائلٹ پر چاقو سے حملے کے بعد طیارہ سعودی عرب کی جانب موڑ دیا گیا، جہاں 170 سے زائد مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق بوئنگ 737 طیارے میں 174 مسافر سوار تھے، جن میں 27 بچے بھی شامل تھے۔ پرواز کے تقریباً دو گھنٹے بعد طیارے سے ہنگامی سگنل موصول ہوئے، جن میں ممکنہ ہائی جیکنگ کی نشاندہی کرنے والا کوڈ بھی شامل تھا۔ پرواز کی نگرانی کرنے والی سروس فلائٹ ریڈار 24 کے اعداد و شمار کے مطابق طیارہ اچانک تیزی سے نیچے کی جانب گیا اور تقریباً ایک منٹ میں 4 ہزار 500 میٹر کی بلندی کھو دی۔

واقعے کے بعد اسرائیل نے جنگی طیارے روانہ کیے جبکہ وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے سکیورٹی حکام کے ساتھ ہنگامی مشاورت کی۔ مسافروں کے مطابق طیارے میں پائلٹ اور معاون پائلٹ کے درمیان مبینہ طور پر جھگڑا ہوا، جس کے دوران معاون پائلٹ نے پائلٹ پر چاقو سے حملہ کیا اور طیارے کو جان بوجھ کر تباہ کرنے کی کوشش کی۔ مسافروں نے بتایا کہ اسرائیلی مسافروں کے تین رکنی گروپ نے معاون پائلٹ کو قابو کیا، طیارے کو غوطے سے نکالنے میں مدد دی اور زخمی پائلٹ کو دوبارہ طیارے کا کنٹرول سنبھالنے کا موقع فراہم کیا۔ اس کے بعد طیارے نے شمال مغربی سعودی عرب کے شہر تبوک کے ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی۔ تمام مسافروں کو بعد ازاں ایک متبادل طیارے کے ذریعے اسرائیل پہنچایا گیا، جہاں وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ تاہم طیارے میں پیش آنے والے واقعے کی مکمل نوعیت اور مبینہ ہائی جیکنگ کی کوشش سے متعلق بعض تفصیلات کی سرکاری طور پر مکمل تصدیق ہونا باقی ہے۔