اے پی ای سی اجلاس میں پوتن، شی جن پنگ اور ٹرمپ کی ملاقات کا امکان

Putin Putin

ماسکو (صداۓ روس)

کریملن نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن، چینی صدر شی جن پنگ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کا امکان موجود ہے۔ کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے روسی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سربراہ اجلاس تینوں رہنماؤں کے لیے ایک دوسرے سے ملاقات کا اچھا موقع فراہم کرسکتا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ ملاقات تینوں رہنماؤں کی مشترکہ نشست کی صورت میں ہوگی یا الگ الگ دو طرفہ ملاقاتیں ہوں گی، اس بارے میں فی الحال کچھ کہنا مشکل ہے۔

دیمتری پیسکوف کے مطابق روسی صدر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ پہلے ہی چین میں ملاقات پر اتفاق کرچکے ہیں، جبکہ سربراہ اجلاس کے موقع پر دیگر ملاقاتوں کے امکانات بھی موجود رہیں گے۔ کریملن کے ترجمان نے مزید کہا کہ روس اس مفروضے کے تحت چل رہا ہے کہ صدر پوتن چین میں ہونے والے ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ان کے مطابق روسی صدر کی اجلاس میں شرکت کے منصوبے کا اعلان پہلے ہی کیا جاچکا ہے۔ صدر پوتن نے کہا تھا کہ وہ اے پی ای سی سربراہ اجلاس میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم حتمی فیصلہ روس کی داخلی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم کا سربراہ اجلاس 18 اور 19 نومبر کو چین کے شہر شین ژین میں منعقد ہوگا۔