روسی وزیر خارجہ آج قزاقستان کے صدر سے ملاقات کریں گے

Sergey Lavrov Sergey Lavrov

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف بدھ کے روز آستانہ پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ قزاقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف سے ملاقات کریں گے جبکہ قزاق وزیر خارجہ یرمیک کوشربایف سے باضابطہ مذاکرات بھی کریں گے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا کے مطابق ملاقاتوں میں روس اور قزاقستان کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری اور اتحادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی، خاص طور پر آئندہ اعلیٰ سطحی رابطوں کے تناظر میں۔ انہوں نے بتایا کہ فریقین دوطرفہ ایجنڈے کے مختلف امور پر گفتگو کریں گے، جن میں سیاسی، تجارتی، اقتصادی، ثقافتی اور انسانی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا شامل ہے۔

بیان کے مطابق مشترکہ علاقائی و بین الاقوامی پلیٹ فارمز میں تعاون بھی مذاکرات کا اہم حصہ ہوگا، جن میں یوریشین اکنامک یونین, سی ایس ٹی او, سی آئی ایس اور شنگھائی تعاون تنظیم شامل ہیں۔ ماریا زاخارووا نے کہا کہ دونوں وزرائے خارجہ علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کریں گے اور اہم عالمی امور پر اپنے مؤقف میں ہم آہنگی پیدا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرگئی لاوروف اپنے قزاق ہم منصب کو یوکرین میں جاری روسی خصوصی فوجی آپریشن کی صورتحال سے بھی آگاہ کریں گے۔ توقع ہے کہ اس دورے کے دوران دونوں ممالک کی وزارت خارجہ کے درمیان آئندہ برسوں کے لیے رابطوں کا نیا منصوبہ بھی طے کیا جائے گا۔