اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان نے سعودی عرب پر کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان حملوں میں توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ترجمان نے حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اہم تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ان حملوں سے خطے کے امن و استحکام کیلئے کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔ پاکستان سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور سعودی عرب کی سلامتی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔