ماسکو ایبیلمپکس میں پاکستان کا فخر— زین العابدین انصاری کی عالمی سطح پرکامیابی

ماسکو (اشتیاق ہمدانی)

روس کے دارالحکومت ماسکو میں معذور (اسپیشل) افراد کی پیشہ ورانہ مہارتوں اور دستکاری کے بین الاقوامی مقابلے انٹرنیشنل ایبیلمپکس 2025 اختتام پذیر ہو گئے، جن میں پاکستان کے نمائندے زین العابدین انصاری نے سلائی کے شعبے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

تین روزہ ایونٹ دو نومبر کو ماسکو کے قومی ایبیلمپکس سینٹر میں شاندار طریقے سے مکمل ہوا، جس میں بارہ ممالک کے ہزاروں مرد و خواتین شرکاء نے مختلف صنعتی، تخلیقی اور دستکاری کے مقابلوں میں حصہ لیا۔

Advertisement

مجموعی طور پر پہلا مقام روس، دوسرا قطر، اور تیسرا آذربائیجان نے حاصل کیا۔ پاکستان کی ٹیم نے پہلی بار اس عالمی مقابلے میں شرکت کی، تاہم نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے سلائی کے مقابلے میں زین العابدین انصاری نے سوم پوزیشن حاصل کی، جو ملک کے لیے ایک اعزاز قرار دی جا رہی ہے۔

پاکستانی وفد کی دیگر اراکین کنیز سیدہ اقبال، سجاد خان، اور سید عادل حسین کی کارکردگی کو بھی بین الاقوامی ججز کی جانب سے خصوصی طور پر سراہا گیا۔

پاکستانی وفد میں شامل یوگا چاریہ ڈاکٹر وسیم طائ، سید سخاوت علی، اور سینسی ظہور احمد نے خصوصی سیشن میں معذور افراد کی جسمانی صحت کے مسائل کے حل میں یوگا کی مشقوں کی افادیت پر نظریاتی اور عملی تربیت فراہم کی — جسے تمام شرکاء نے بے حد پسند کیا۔

اسی دوران سید عادل حسین نے “معذور افراد کی بحالی اور مالی خود انحصاری” کے موضوع پر لیکچر دیا، جبکہ سجاد خان اور زین العابدین انصاری نے وہیل چیئر باسکٹ بال کے نمائشی میچ میں حصہ لے کر حاضرین سے بھرپور داد حاصل کی۔

اختتامی تقریب میں مختلف ممالک کے وفود کے سربراہان کو روایتی تحائف اور اجرکیں پیش کی گئیں۔ پاکستانی وفد کو ماسکو انتظامیہ کی جانب سے خصوصی پذیرائی بھی دی گئی۔

ایبیلمپکس کے یہ بین الاقوامی مقابلے روسی وزارتِ محنت اور وزارتِ تعلیم و سائنس کے اشتراک سے منعقد کیے جاتے ہیں، جن کا مقصد معذور افراد کو پیشہ ورانہ تربیت، خود انحصاری اور باوقار روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔