مخچکالا (صدائے روس)
روسی جمہوریہ داغستان کے چار روزہ بین الاقوامی میڈیا دورے کے دوران مختلف ممالک کے صحافیوں کے وفد نے داغستان کے سربراہ سرگئی میلیکوف سے اہم ملاقات کی۔ اس وفد میں پاکستان کی نمائندگی صدائے روس کے چیف ایڈیٹر اشتیاق ہمدانی نے کی۔
ملاقات کے دوران اشتیاق ہمدانی نے روس اور پاکستان کے مابین ثقافت، تعلیم اور معیشت کے شعبوں میں ممکنہ تعاون سے متعلق سوال کیا، جس کے جواب میں سرگئی میلیکوف نے دوطرفہ تعلقات کو مثبت اور امید افزا قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ:
“گزشتہ سال عید الاضحیٰ کے موقع پر روس میں مقیم مختلف ممالک کے سفارتی نمائندوں کو داغستان مدعو کیا گیا تھا، جہاں پاکستان کے سفیر محمد خالد جمالی کی شرکت ہمارے لیے باعثِ افتخار تھی۔ اس موقع پر ہم نے خوشی کے ماحول کے ساتھ ساتھ باہمی منصوبوں پر بھی سنجیدہ تبادلۂ خیال کیا۔”
سرگئی میلیکوف نے مزید انکشاف کیا کہ ایک پاکستانی وفاقی وزیر کا خط انہیں موصول ہوا ہے، جس میں جون 2025 میں جمہوریہ داغستان کے دورے کا عندیہ دیا گیا ہے۔ اس متوقع دورے میں ثقافت، سیاحت، اقتصادی ترقی اور گوشت کی پیداوار و پراسیسنگ جیسے اہم شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا:
“آج آپ کی موجودگی اور سوال کے ذریعے پاکستان کے ساتھ نئے دور کے آغاز کا اشارہ ملتا ہے۔ ہم جون کی ملاقات میں اُن تمام شعبوں کی نشان دہی کریں گے، جہاں دونوں ممالک باہمی مفادات کے تحت مل کر کام کر سکتے ہیں۔”
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور داغستان کے درمیان تعلقات میں وسعت کے بے شمار امکانات موجود ہیں، جن پر پیش رفت پاکستانی حکام کے دورے کے دوران کی جائے گی۔