لاہور (صداۓ روس)
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بارے میں متنازعہ ٹویٹ کے بعد فاسٹ باؤلر نسیم شاہ مسلسل مشکلات کا شکار ہیں۔ پنجاب کے وزیر کھیل فیصل ایوب نے اس حوالے سے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی شخص صوبے کی چیف ایگزیکٹو کے بارے میں اس وقت ایسی باتیں کرے جب قوم اور صوبے کو ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہو، تو یہ ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا، “آپ اگر مجھ سے کہیں کہ آپ آزادی اظہار رائے کو نہیں مانتے، تو یہ بات غلط ہے۔ مریم نواز اس خاتون ہیں جن کی وجہ سے نسیم شاہ اور فیصل کھوکھر کی بہنیں محفوظ ہیں۔ محسن نقوی نے عاجزانہ فیصلہ کیا، اگر میں ان کی جگہ ہوتا تو یقیناً اور سخت سزا دیتا۔ نسیم شاہ کرکٹ ٹیم میں ہونے کے لائق نہیں۔”
وزیر کھیل نے مزید کہا کہ کھیل کے میدان میں نسیم شاہ بہت اچھا کھلاڑی ہے، لیکن اسے اپنی زبان پر کنٹرول کرنا چاہیے۔ اگر زبان پر کنٹرول نہیں کیا تو وہ کرکٹ ٹیم سے باہر ہو جائے گا۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی شرکت کے بعد نسیم شاہ کے اکاؤنٹ سے متنازعہ پیغام شیئر ہوا تھا، جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی تھی۔