ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے علاقائی حکام کو سفارش کی ہے کہ خصوصی فوجی آپریشن (ایس وی او) میں حصہ لینے والے فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے اضافی سماجی معاونت کے اقدامات کو وسعت دی جائے، جن میں مفت طبی خدمات، سیاحتی سہولیات اور دیگر سماجی خدمات شامل ہیں۔ کریملن کی جانب سے 30 مئی کو جاری بیان کے مطابق صدر پوتن نے روسی وفاق کے مختلف علاقوں کے انتظامی اداروں اور مقامی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سماجی شعبے میں فراہم کی جانے والی ریاستی اور بلدیاتی خدمات کے دائرہ کار کو مزید وسیع کریں تاکہ ایس وی او کے شرکاء اور ان کے خاندانوں کو زیادہ سہولیات میسر آ سکیں۔ دستاویز کے مطابق اس منصوبے کے تحت ریاستی اور بلدیاتی سماجی پروگراموں کے ذریعے تعلیم، جسمانی تربیت، کھیلوں اور دیگر سماجی خدمات تک رسائی کو بڑھایا جائے گا۔ یہ مراعات ان فوجیوں کے اہل خانہ پر بھی لاگو ہوں گی جو ایس وی او کے دوران ہلاک ہو چکے ہیں۔
حکام کو اس سلسلے میں پیش رفت کی رپورٹ یکم نومبر 2026 تک پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ اس کے بعد سالانہ بنیادوں پر رپورٹنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
اس سے قبل 15 مئی کو صدر پوتن نے ایک فرمان پر دستخط کیے تھے جس کے تحت فوجی اہلکاروں کو ترجیحی بنیادوں پر طبی خدمات فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا تھا۔ اس فرمان کے مطابق فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کو ثقافتی اور کھیلوں کے مراکز کے دوروں پر خصوصی رعایتیں بھی دی جائیں گی۔ مزید برآں فوجی اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کو روزگار کے حصول اور پیشہ ورانہ تربیت کے میدان میں ترجیحی معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ انہیں مفت قانونی امداد کے حوالے سے اضافی ضمانتیں بھی حاصل ہوں گی۔ روسی حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ایس وی او میں خدمات انجام دینے والے فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کی سماجی بہبود کو بہتر بنانا اور انہیں مختلف شعبوں میں مزید سہولیات فراہم کرنا ہے۔