نیو اسٹارٹ معاہدے کی معیاد ختم ہونے پر روس کا اظہارِ افسوس

Dmitry Peskov Dmitry Peskov

نیو اسٹارٹ معاہدے کی معیاد ختم ہونے پر روس کا اظہارِ افسوس

ماسکو (صداۓ روس)
کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ روس نئے اسٹریٹجک اسلحہ کمی معاہدے (نیو اسٹارٹ) کی معیاد ختم ہونے پر افسوس کا اظہار کرتا ہے، کیونکہ واشنگٹن کی جانب سے اسے توسیع نہ دیے جانے کے باعث یہ معاہدہ آج دن کے اختتام پر ختم ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس اس پیش رفت کو منفی انداز میں دیکھتا ہے اور اس پر گہری تشویش رکھتا ہے۔

دیمتری پیسکوف کے مطابق نیو اسٹارٹ معاہدہ جوہری ہتھیاروں کی تعیناتی پر آخری بین الاقوامی قانونی پابندی تھا، جس کا خاتمہ عالمی اسٹریٹجک استحکام کے لیے نقصان دہ ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ ایک ایسا نیا اور بہتر معاہدہ چاہتے ہیں جس میں چین کو بھی شامل کیا جائے۔

Advertisement

روسی حکام کا کہنا ہے کہ ماسکو نے معاہدے کی معیاد ختم ہونے کے بعد بھی ایک سال تک اس کی شرائط پر عمل جاری رکھنے کی پیشکش کی تھی، تاہم اس حوالے سے واشنگٹن کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ جواب موصول نہیں ہوا۔ چین کی شمولیت کے معاملے پر روس نے واضح کیا ہے کہ یہ بیجنگ کا خود مختار فیصلہ ہے اور ماسکو چینی قیادت کے کسی بھی فیصلے کا احترام کرے گا۔

اسی کے ساتھ روس نے اس امر پر زور دیا ہے کہ اگر نیو اسٹارٹ معاہدے کو وسعت دی جاتی ہے تو اس میں امریکا کے نیٹو اتحادی ممالک برطانیہ اور فرانس کو بھی شامل کیا جانا چاہیے، کیونکہ ان کی جوہری صلاحیتیں اس وقت کسی بھی اسٹریٹجک استحکام کے معاہدے کے دائرہ کار میں شامل نہیں ہیں۔