ماسکو (صداۓ روس)
روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی افواج نے خصوصی فوجی آپریشن کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈونیٹسک عوامی جمہوریہ کی ایک اور بستی تیخونوفکا کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے، جبکہ مختلف محاذوں پر یوکرینی فوج کو بھاری جانی اور عسکری نقصان بھی پہنچایا گیا ہے۔ روسی وزارت دفاع کے بیان کے مطابق “جنوبی” فوجی گروپ کی یونٹوں نے فعال اور فیصلہ کن کارروائیوں کے نتیجے میں تیخونوفکا بستی کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔ وزارت کے مطابق اس پیش رفت کو ڈونیٹسک کے محاذ پر روسی افواج کی مسلسل پیش قدمی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔ وزارت دفاع کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف محاذوں پر لڑائی میں یوکرینی فوج کے تقریباً 1,335 اہلکار ہلاک یا زخمی ہوئے۔
بیان کے مطابق “شمالی” فوجی گروپ کے دائرۂ کار میں یوکرین کو تقریباً 205 فوجیوں اور ایک بکتر بند گاڑی کا نقصان اٹھانا پڑا، جبکہ “مغربی” فوجی گروپ کے محاذ پر 180 سے زائد فوجی اور دو توپ خانے کے نظام تباہ کیے گئے۔ اسی طرح “جنوبی” فوجی گروپ کے علاقے میں تقریباً 120 یوکرینی فوجی اور دو بکتر بند گاڑیاں تباہ کی گئیں۔ “مرکزی” فوجی گروپ کے محاذ پر 330 سے زائد یوکرینی فوجیوں اور دو بکتر بند گاڑیوں کے نقصان کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق “مشرقی” فوجی گروپ کے دائرۂ کار میں یوکرینی فوج کے 455 سے زائد اہلکار اور دو بکتر بند گاڑیاں تباہ ہوئیں، جبکہ “دنیپر” فوجی گروپ کے محاذ پر تقریباً 45 فوجیوں اور تین الیکٹرانک جنگی یا جامنگ اسٹیشنز کو نشانہ بنایا گیا۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ یوکرین میں جاری خصوصی فوجی آپریشن کے دوران مختلف محاذوں پر کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ یوکرینی حکام نے روسی دعوؤں پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔