روس سے بات کیے بغیر یورپ میں امن قائم نہیں ہوسکتا، فرانس
ماسکو(صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ماسکو کے ساتھ بات چیت کو یورپ میں قیام امن کے لیے ضروری شرط قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ روس ایک یورپی ملک ہے۔ یورپ میں مستقبل کی تعمیر کے لیے روس کے ساتھ مل کر کام کرنا ضروری ہے۔ فرانسیسی صدر نے کہا کہ دیگر سنگین عالمی مسائل کے حل کے لیے روس کے ساتھ بات چیت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پیرس روس کے ساتھ اچھے دوطرفہ تعلقات میں بھی دلچسپی رکھتا ہے۔ واضح رہے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون پیر کو ماسکو پہنچے جہاں انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات پانچ گھنٹے سے زائد جاری رہی۔
صدر فرانس نے روسی صدر سے بات چیت کے بعد کہا کہ فرانس روس کے ساتھ تمام معاملات کو خوش اصلوبی سے طے کرنا چاہتا ہے. فرانس کے رہنما کے مطابق روس یورپ کا ایک کلیدی ملک ہے جس کی اہمیت کو فراموش نہیں کیا جا سکتا. ضرورت اس امر کی ہے کہ مغرب اور روس دونوں اختلافات کو ٹیبل پر حل کریں.