اب دیکھ سکیں گے ترک فلمیں پاکستانی سینما گھروں میں
اسلام آباد(صداۓ روس)
ترک فلمیں پاکستانی سینماؤں میں دکھائی جائیں گی. اطلاعات کے مطابق ترک ڈراموں کے بعد ترک فلمیں بھی اب پاکستانی سینماؤں کی زینت بننے کے لیے تیار ہیں، جہاں پہلی فلم ”آئیلہ“ 11 فروری کو ریلیز کی جارہی ہے۔ پاکستانی فلمی شائقین کو معیاری فلموں کی تفریح دینے کے لیے ڈسٹری بیوشن کلب نے ترک زبان میں بننے والی عالمی شہرت یافتہ فیچر فلم ”آئیلہ“ کی نمائش کا اہتمام کیا ہے جو پاکستانی سینماؤں کی زینت بننے والی پہلی ترکش فلم ہوگی۔
ڈسٹری بیوشن کلب کے ایگزیکٹو منیجر شیخ عابد رشید نے بتایا کہ فلم ”آئیلہ“ کو خصوصی طور پر اردو زبان میں ڈب کروایا گیا ہے۔ فلم کی کہانی ایک خوبصورت بچی ”آئیلہ“ کی زندگی کا احاطہ کرتی ہے جو ایک ترک فوجی کو میدان جنگ میں ملتی ہے۔ ترک فلمیں اپنی معیاری پروڈکشنز اور اچھوتے آئیڈیاز کی بدولت پہلے ہی دنیا بھر کے شائقین کی توجہ کا مرکز ہیں اور مذکورہ فلم ”آئیلہ“ بھی اپنی جذباتی کہانی اور فنکاروں کی جاندار اداکاری کے باعث شائقین کی توجہ سمیٹ چکی ہے۔