روس اور سعودی عرب کے درمیان ویزہ فری معاہدہ 11 مئی سے نافذ العمل

Russian Passport Russian Passport

ماسکو (صداۓ روس)

روسی وزارت خارجہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس اور سعودی عرب کی حکومتوں کے درمیان شہریوں کے لیے ویزا کی ضروریات کے باہمی خاتمے کا معاہدہ 11 مئی 2026 سے نافذ العمل ہو جائے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ “11 مئی 2026 کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں 1 دسمبر 2025 کو دستخط شدہ معاہدہ نافذ ہو جائے گا، جس کے تحت روسی و سعودی شہریوں کے لیے ویزا کی ضروریات باہمی طور پر ختم کر دی جائیں گی۔” معاہدے کے مطابق روسی شہری سعودی عرب میں ویزہ کے بغیر داخل ہو سکتے ہیں اور ایک مسلسل مدت یا کیلنڈر سال کے دوران کل 90 دن تک قیام کر سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ وہاں مزدوری نہ کریں، تعلیم حاصل نہ کریں یا مملکت میں رہائش اختیار نہ کریں۔ وزارت نے واضح کیا کہ مذکورہ بالا مقاصد کے علاوہ حج یا عمرہ ادا کرنے کے لیے سعودی عرب جانے والے روسی شہریوں کو اب بھی مناسب ویزا حاصل کرنا ہو گا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ “اسی طرح کے حقوق سعودی عرب کے شہریوں کو روسی فیڈریشن کا دورہ کرتے وقت دیے جائیں گے۔”