جاپان کے جنگی جرائم کے 88 سال پرانے راز بے نقاب، چین میں زہریلی گیس پھیلانے والا آلہ اور خفیہ فوجی دستاویزات مل گئیں!

بیجنگ(محمد ابراہیم عباسی)

دوسری جنگِ عظیم کے دوران چین میں جاپانی فوج کے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق نئے اور اہم ثبوت سامنے آگئے ہیں۔ ان میں 1938 میں تیار کیا گیا زہریلی گیس پھیلانے والا آلہ اور جاپانی فوج کی خفیہ تربیتی دستاویزات شامل ہیں، جن سے اس وقت کی کیمیائی جنگ کی تیاریوں اور منصوبہ بندی کا پتا چلتا ہے۔

یہ تاریخی شواہد چین کے شہر ہاربن میں جاپانی فوج کی بدنام زمانہ یونٹ 731 کے جرائم سے متعلق نمائش میں پیش کیے گئے۔ محققین کے مطابق ان دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ جاپانی فوج نے زہریلے مادوں کے استعمال اور ان کے اثرات پر باقاعدہ تحقیق اور تربیت کا نظام قائم کر رکھا تھا۔

سامنے آنے والی اشیا میں جولائی 1938 میں تیار کیا گیا ایک خاص کنستر بھی شامل ہے، جسے زہریلی گیس پھیلانے کے لیے استعمال ہونے والے آلے میں لگایا جاتا تھا۔ اس کے علاوہ 1942 کی 39 صفحات پر مشتمل فوجی دستاویز میں مسٹرڈ گیس سمیت مختلف زہریلے مادوں کے اثرات، جانوروں پر تجربات اور فوجی اہلکاروں کی تربیت کا ذکر موجود ہے۔

ایک اور دستاویز سے معلوم ہوتا ہے کہ جاپانی فوج نے شدید سرد موسم میں بھی کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق مشقیں اور تجربات کیے تھے۔چین کے مطابق دوسری جنگِ عظیم کے دوران جاپانی فوج کی جانب سے چھوڑے گئے کیمیائی ہتھیار آج بھی انسانی جانوں اور ماحول کے لیے خطرہ ہیں۔ اگست 2026 تک چین میں ایسے 191,124 ہتھیار برآمد کیے جا چکے تھے، تاہم تلفی کا عمل ابھی مکمل نہیں ہوا۔

چین نے جاپان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان ہتھیاروں کی تلاش اور تلفی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ چین کے مطابق جاپان اس مقصد کے لیے مقررہ چار ڈیڈ لائنز پوری کرنے میں ناکام رہا ہے اور 2027 کی نئی مدت بھی خطرے میں دکھائی دیتی ہے۔