روسی ڈیزل کی امریکا کو پہلی ترسیل کم از کم 2 سے 3 ہفتوں میں ممکن

Russian Oil Russian Oil

ماسکو (صداۓ روس)

روس کے نائب وزیراعظم الیگزینڈر نوواک نے کہا ہے کہ امریکا کو روسی ڈیزل کی پہلی ترسیل کم از کم دو سے تین ہفتوں میں ممکن ہو سکتی ہے۔ صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ ترسیل کے لیے معاہدہ کرنا، ایندھن لوڈ کرنا، جہاز چارٹر کرنا اور اسے خریدار تک روانہ کرنا ضروری ہے، جس میں دو سے تین ہفتے لگتے ہیں، اس لیے غالباً جلد از جلد معاہدہ طے کرنا ہوگا۔ نوواک نے یہ بات روسی انرجی ویک کے موقع پر کی۔

روسی صدر ولادیمیر پوتن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان 9 اکتوبر کو ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا، جس میں دیگر امور کے ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی پر بھی بات ہوئی۔ روسی صدر کے مطابق ماسکو نے امریکی اور عالمی منڈی کو تیل اور پیٹرولیم مصنوعات فراہم کرنے کی اپنی آمادگی کا ایک بار پھر اعادہ کیا۔

نوواک اس سے قبل تاس کو بتا چکے ہیں کہ ماسکو ڈیزل کی برآمدات پر عائد پابندی طے شدہ وقت سے پہلے ختم کر دے گا۔ روس اکتوبر میں تین لاکھ ٹن ڈیزل فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، جسے نومبر میں بڑھا کر پانچ لاکھ ٹن اور دسمبر میں دس لاکھ ٹن کر دیا جائے گا۔ بعد ازاں ماہانہ ترسیل تیس لاکھ ٹن تک پہنچ سکتی ہے۔

دوسری جانب ٹرمپ انتظامیہ نے عالمی منڈی کو روسی ڈیزل کی فراہمی کی اجازت دینے کے لیے 7 اپریل 2027 تک کا عمومی لائسنس جاری کر دیا ہے۔ روسی انرجی ویک انٹرنیشنل فورم ماسکو میں 14 سے 16 اکتوبر تک جاری ہے۔ اسے روسی حکومت، وزارت توانائی اور ماسکو حکومت کی معاونت حاصل ہے، جبکہ اس کا انعقاد روس کانگریس فاؤنڈیشن کر رہی ہے۔ تاس اس فورم کا انفارمیشن پارٹنر ہے۔