ڈاکٹر سید جاوید سبزواری ۔
پریٹوریس کوپ ۔ جنوبی افریقہ
لوگوں میں یہ تاثر عام پایا جاتا ہے کہ ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے زیادہ غصہ آتا ہے ۔ جبکہ حقیقت اس کے بر عکس ہے ، غصے کا آنا ایک فطری جبلت ہے جبکہ اس کا بہت زیادہ آنا ایک نفسیاتی مسئلہ ہے ، اس لئے اس تاثر کو زائل کرنے کی ضرورت ہے اور یہ بات سب کو ذہن نشین کرانی چاہئیے کہ ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے غصہ نہیں آتا بلکہ غصے کی وجہ سے ہائی بلڈ پریشر ہو سکتا ہے ۔
جیسا ہم نے پہلے کہا کہ غصے کا آنا ایک قدرتی عمل ہے لیکن یہ بات آپ اپنے ذہن میں ضرور رکھیں کہ اس کا اظہار ہمارے اختیار میں ہے ۔
اگر غصے کا آنا ، بغیر سوچے سمجھے فوری ہو ، اس کے کتنے دور رس نتائج نہ صرف ہماری اپنی صحت پر مرتب ہوتے ہیں بلکہ انسانی رشتوں اور تعلقات میں آنے والی دراڑ بھی ہمیشہ کے لئے ایسی پڑتی ہے جو کچھ افراد کی شخصیت پر بہت گہرے اثرات مرتب کرتی ہے ۔ اس بارے ھمیں ضرور سوچنا چاہئے ۔
ہم سب انسان ھیں ۔ ہم سب میں کچھ نہ کچھ کمزوریاں اور خامیاں ضرور ہوتی ہیں ۔ غصہ کتنا ہی شدید کیوں نہ ہو ، اپنے آپ سے یہ سوال ضرور کریں ، کیا مجھے ابھی اس کا اظہار کرنا چاہئے یا کسی اور وقت آرام سے اس کا جواب دوں گا ، یہ خیال آتے ہی ، آپ فورآ ریلیکس ہو جائیں گے ۔
راہ چلتے، اگر کسی بات پر فوری شدید غصہ آجائے تو بھی اپنے سے فورآ سوال کریں ، یہ غلطی مجھ سے بھی ہو سکتی تھی ۔ یہ سوچ آپ میں فوری تبدیلی لائے گی ۔
غصہ عام طور پر اپنے سے کمزور شخص کی کسی غلطی پر آتا ہے ، یہ کمزوری جسمانی بھی ہو سکتی ہے اور معاشی بھی ۔ اگر اس وقت اس خیال کو آپ اپنے ذہن میں لے آئیں کہ اگر قدرت یہ ترتیب تبدیل کر دے ، تو ہمارا کیا حال ہوگا ، آپ کے غصے کو ختم کر سکتا ہے ۔
غصہ کیسے کم کیا جاسکتا ہے یا ٹھیک ہو سکتا ہے ؟؟
آج سے آپ درج ذیل باتوں کا خیال رکھیں اور شدید غصے کی حالت میں درج ذیل عادات کو اپنانے کی کوشش کریں ۔
اپنے آپ سے فوری یہ سوال کریں کہ مجھے اتنا شدید غصہ کیوں آرھا ہے،
اپنی جگہ فوری تبدیل کر دیں ، کم از کم بارہ گز کے فاصلے پر چلے جائیں ،
گہرے گہرے سانس لیں ،
فورآ سوچیں کہ آپ اس قابل ہیں کہ شدید غصہ کر سکتے ہیں ، کسی پر ھاتھ اٹھا سکتے ہیں ، اپنی بات منوا سکتے ہیں ۔ اگر قدرت آپ کو اس قابل ہی نہ رکھے تو کیا ہوگا ، کیونکہ حالات بدلنے میں چند لمحے لگتےہیں ۔
سب سے اپم بات کہ اللہ تعالی سے شیطان مردود کی پناہ مانگیں ۔
ان عادات کی پریکٹس بار بار کریں ، آپ دیکھیں گے کہ کچھ عرصے میں آپ کی شخصیت میں بہت مثبت تبدیلیاں آنا شروع ہو جائینگی ۔