اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے تپ دق کے خلاف جنگ کے لیے ہر فرد کی خدمات کو سراہتے ہوئے ٹی بی کے خاتمے اور شہریوں کی صحت اور بہبود کو بہتر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کی حمایت کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا. وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے اتوار کوجاری بیان میں کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے تپ دق (ٹی بی )کے عالمی دن 2024 کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہماری حکومت صحت عامہ کی ترجیح کے طور پر ٹی بی سے نمٹنے کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے اور اس بیماری سے نمٹنے کے لیے مختلف پروگراموں اور پالیسیوں کو نافذ کر چکی ہے.
انہوں نے کہا کہ ٹی بی صحت کا ایک عالمی چیلنج بنی ہوئی ہے، جو تکلیف دہ ہے اور ہر سال تپ دق سے بہت زیادہ جانیں ضائع ہوتی ہیں وزیر اعظم نے کہا کہ یہ امر انتہائی اہم ہے کہ ہم سب عالمی صحت کے ایجنڈے میں ٹی بی کے خاتمے کو ترجیح دیں اور اس کے وسائل مختص کریں. انہوں نے کہا کہ ٹی بی سے پاک دنیا کی طرف پیش رفت کو تیز کرنے کے لیے جدت، تحقیق اور ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا سکتا ہے وزیر اعظم نے کہا کہ صحت کی ضروری، معیاری خدمات تک رسائی حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے.
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہریوں کو صحت کی مساوی خدمات فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ہم نجی شعبے اور عالمی شراکت داروں کے کردار کی دل کی گہرائیوں سے تعریف بھی کرتے ہیں وزیر اعظم نے تمام شراکت داروں، تنظیموں، صحت کی دیکھ بھال کے پیشہ ور افراد اور ٹی بی کے خاتمے کے لیے کوششوں میں متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط بنانے، معیاری تشخیص اور علاج تک رسائی بڑھانے، ٹی بی کی روک تھام اور کنٹرول کے اقدامات کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے باہمی تعاون سے کام کرنا چاہیے.