امریکہ سعودی عرب کا دفاع کرے گا، امریکی صدر
ریاض (انٹرنیشنل)
سعودی عرب کے دورے پر آئے امریکی صدر جو بائیڈن کی سعودی قیادت کے ساتھ ملاقات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک ایک مستحکم اور خوشحال مشرق وسطٰی کے خواہاں ہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے سعودی عرب کی سلامتی اور دفاع کے عزم کا اظہار کیا اور مملکت کے تحفظ، علاقائی سلامتی اور بیرونی خطرات سے بچاؤ کے لیے امریکہ کی جانب سے مدد کے سلسلے کو جاری رکھنے کی بھی تصدیق کی۔ عرب نیوز کے مطابق سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے سنیچر کو شائع کیے جانے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’کئی دہائیوں سے امریکہ اور سعودی عرب کی شراکت داری خطے کی سلامتی کے لیے مرکزی کردار ادا کرتی رہی ہے۔ دونوں ممالک ایک مزید محفوظ، مستحکم اور خوشحال خطہ چاہتے ہیں جو دنیا کے ساتھ منسلک ہے۔‘
امریکی صدر کے اس دورے کے دوران دونوں ممالک کی جانب سے اقتصادی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے باہمی تعاون پر زور دیا، خصوصاً یوکرین کے موجودہ بحران اور اس کے نتائج کے تناظر میں، جبکہ توانائی کی مستحکم عالمی مارکیٹ کے لیے بھی عزم کا اعادہ کیا۔ امریکہ نے پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے تیل کی عالمی منڈیوں میں توازن برقرار رکھنے کے لیے سعودی عرب کے کردار کو سراہا۔ دونوں ممالک نے اس امر پر زور دیا کہ توانائی کی منتقلی اور دونوں ملکوں کی قومی سلامتی کے لیے مستحکم اور متنوع سپلائی چین کی ضرورت ہے۔ اور عالمی انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کے حوالے سے 26 جون 2022 کو جی سیون اجلاس کے موقع پر سعودی عرب کی جانب سے کیے جانے والے اعلان کا خیرمقدم کیا۔ اقدام کا مقصد اس تاریخی شراکت داری کے ذریعے امریکہ اور سعودی عرب کی جانب سے ایسے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنا ہے جن سے کم اور درمیانے درجے کی آمدنی والے ممالک کی مدد ہو گی۔