صدر پوتن کی توکایف کو انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے پرمبارکباد
ماسکو: صداۓ روس
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے قازقستان کے موجودہ صدر کسیم جومارٹ توکایف کو صدارتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی پر مبارکباد دی۔ کریملن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں صدر پوتن نے قزاقستان کے صدر کو کہا کہ “آپ کو شہریوں کی طرف سے قابل اعتماد مینڈیٹ ملا ہے، جس سے قومی ترقی کے اس راستے پر عمل درآمد کے لیے نئے مواقع کھلتے ہیں جسے آپ آگے بڑھا رہے ہیں۔”
یاد رہے روس اور قازقستان کے درمیان تاریخی طور پر قریبی تعلقات یوکرین میں ماسکو کی فوجی مہم کے آغاز کے بعد بھی معمول کے مطابق رہے ہیں، تاہم سابق سوویت ملک مغرب اور ماسکو کے ساتھ تعلقات میں توازن قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ صدرپوتن نے توکایف کو اپنے پیغام میں روس اور قازقستان کے درمیان “اسٹریٹجک پارٹنرشپ” اور “اتحاد” کی تعریف کی جو دوستی، ہمسائیگی اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ کریملن کے مطابق صدر پوتن نے مزید کہا کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔ واضح رہے پیر کو جاری ہونے والے ابتدائی نتائج کے مطابق، 69 سالہ توکایف 81 فیصد سے زیادہ ووٹ لے کر انتخابات میں کامیاب ہوئے۔
قدرتی وسائل سے مالا مال اور اہم تجارتی راستوں کے سنگم پر واقع ملک قازقستان میں رواں برس جنوری میں بدامنی پھیل گئی تھی اور مظاہروں کے دوران 238 افراد ہلاک ہوئے، جس کے بعد روس نے بروقت مدد فراہم کر کے حالات کو قابو میں کیا.