اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

اسرائیل پورے غزہ پر قبضہ کرلے گا, نیتن یاہو

Israeli Prime minister, Benjamin Netanyahu

اسرائیل پورے غزہ پر قبضہ کرلے گا, نیتن یاہو

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے واضح اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کا مقصد غزہ کی پٹی کے تمام علاقوں پر مکمل قبضہ کرنا ہے۔ ان کے اس بیان نے خطے میں جاری جنگ کو مزید شدت دینے کے خدشات کو ہوا دے دی ہے۔ نیتن یاہو نے اتوار کو ایک پریس کانفرنس میں کہا ہم اس وقت تک نہیں رکیں گے جب تک غزہ کا ہر کونہ ہمارے کنٹرول میں نہیں آ جاتا۔ یہ ہماری سیکیورٹی کے لیے ناگزیر ہے۔ اس بیان سے قبل اسرائیلی افواج نے رفح شہر پر فضائی حملے تیز کیے، جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے۔ اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں نے ان حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، خصوصاً اس تناظر میں کہ لاکھوں فلسطینی شہری پہلے ہی غزہ میں بے گھر ہو چکے ہیں۔

فلسطینی حکام نے نیتن یاہو کے بیان کو “نسل کشی کی کھلی دھمکی” قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی پالیسی سے نہ صرف انسانی بحران بڑھ رہا ہے بلکہ یہ بین الاقوامی قوانین کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔

نیتن یاہو نے مزید کہا کہ ہمارا مشن مکمل تب ہوگا جب حماس کی عسکری صلاحیت مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی، اور غزہ اسرائیل کے خلاف دہشت گردی کی پناہ گاہ نہیں رہے گا۔ بین الاقوامی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو کا یہ بیان دراصل اسرائیلی عوام کو اعتماد میں لینے کی کوشش ہے، لیکن اس کے نتائج نہایت خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں — خاص طور پر ایسے وقت میں جب عالمی سطح پر جنگ بندی کے مطالبات بڑھتے جا رہے ہیں۔

یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب امریکہ سمیت کئی مغربی ممالک اسرائیل پر زور دے رہے ہیں کہ وہ رفح میں فوجی آپریشن سے گریز کرے، تاکہ انسانی جانوں کا مزید ضیاع نہ ہو۔

Share it :