صدر پوتن کی سالانہ پریس کانفرنس کا آغاز، چیف ایڈیٹر اشتیاق ہمدانی بھی موجود
ماسکو (اشتیاق ہمدانی)
صدر پوتن نے ماسکو کے مرکزی نمائشی ہال گوستی نی دور میں سالانہ ٹیلیویژن پروگرام “ڈائریکٹ لائن” اور بڑی پریس کانفرنس کا مشترکہ سیشن شروع کر دیا ہے، جس کا عنوان “سال کے نتائج” ہے۔ یہ پروگرام گزرتے ہوئے سال کے اہم امور کا جائزہ لینے اور عوام کے سوالات کے جوابات دینے کا ایک اہم موقع ہے۔ اس کی میزبانی وی جی ٹی آر کے رپورٹر پاول زاروبن اور چینل ون کی صحافی ایکاترینا بیریزوفسکایا کر رہے ہیں۔ اس تاریخی موقع پر پاکستان کی طرف سے “صدائے روس” کے چیف ایڈیٹر اشتیاق ہمدانی بھی موجود ہیں، جو اس اہم پریس کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وفاقی اور علاقائی روسی میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ روس میں اکریڈیٹڈ غیر ملکی صحافی بھی شریک ہیں۔ قابل ذکر شخصیات میں وی جی ٹی آر کے کے رپورٹر اور ہیرو آف روس یوگینی پوڈوبنی، چینل ون کے سی ای او کونستانٹن ارنسٹ، صدائے روس اور بی بی سی نیوز کے رپورٹر سٹیون روزن برگ شامل ہیں۔
نشریاتی شیڈول کے مطابق روسی چینلز نے “ولادیمیر پوتن کے ساتھ سال کے نتائج” کے لیے تین گھنٹے کا وقت مختص کیا ہے۔ اس بار ماضی کی طرح روسی علاقوں سے براہ راست لائیو رابطے نہیں کیے جائیں گے، تاہم ہر شہری کو صدر سے سوال کرنے کا موقع ہے، جس کے لیے صرف ایک سمارٹ فون کی ضرورت ہے۔ اب تک مختلف چینلز کے ذریعے تیس لاکھ سے زائد سوالات موصول ہو چکے ہیں۔ کریملن کے مطابق سماجی تحفظ کے مسائل اکثر اٹھائے جا رہے ہیں، خاص طور پر خصوصی فوجی آپریشن میں شریک افراد اور ان کے خاندانوں سے متعلق۔ تاہم گزشتہ سالوں کی نسبت ان سوالات کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ صحت کے شعبے سے متعلق شکایات بھی پہلے سے کم ہیں، جسے صدارتی ترجمان نے کئی نظاماتی مسائل کے حل ہونے کی علامت قرار دیا۔ آنے والے سوالات کی بڑی تعداد کو پروسیس کرنے کے لیے سبر بینک کی گیگا چیٹ نیورل نیٹ ورک کا استعمال کیا جا رہا ہے، جو لاکھوں درخواستوں کو ایک جامع تصویر میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ سالانہ پروگرام نہ صرف روسی عوام بلکہ عالمی سطح پر بھی توجہ کا مرکز ہوتا ہے، جہاں صدر پوتن ملکی اور بین الاقوامی امور پر کھل کر اپنے موقف کا اظہار کرتے ہیں۔ اس بار بھی توقع ہے کہ خصوصی فوجی آپریشن، معاشی صورتحال، سماجی مسائل اور عالمی جیو پولیٹیکل چیلنجز مرکزی موضوعات ہوں گے۔