سینٹ پیٹرزبرگ میں ٹیکسی ڈرائیوروں کو لوٹنے کے لیے جعلی موبائل ایپ متعارف

Russian Taxi Russian Taxi

سینٹ پیٹرزبرگ میں ٹیکسی ڈرائیوروں کو لوٹنے کے لیے جعلی موبائل ایپ متعارف

ماسکو (صداۓ روس)
روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں ٹیکسی ڈرائیوروں اور کوریئرز کے خلاف آن لائن فراڈ کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جہاں جعلساز ایک جعلی موبائل ایپ کے ذریعے شہریوں کو مالی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ یہ انکشاف 25 دسمبر کو سینٹ پیٹرزبرگ اور لینن گراڈ ریجن کے لیے وزارتِ داخلہ کے مرکزی ادارے کے سائبر کرائم ڈیپارٹمنٹ کے ٹیلی گرام چینل پر کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق جعلساز ٹیکسی ڈرائیوروں اور کوریئرز کے لیے مخصوص آن لائن چیٹس میں ایک نام نہاد ’’ریٹ ریڈار‘‘ ایپ کے اشتہارات دیتے ہیں، جس کے بارے میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ یہ زیادہ مانگ والے علاقوں کی نشاندہی کرتی ہے۔ صارفین کو ایک ’’ٹریل پیریڈ‘‘ کے بہانے ایپ میں رجسٹریشن اور بینک کارڈ کی تفصیلات درج کرنے پر آمادہ کیا جاتا ہے، جس کے بعد ان کے اکاؤنٹس سے تمام رقوم نکال لی جاتی ہیں اور ان کے نام پر مائیکرو لون بھی جاری کر دیے جاتے ہیں، جن کا متاثرہ شخص کو علم تک نہیں ہوتا۔

پولیس کے مطابق یہ جعلی ایپس غیر سرکاری ذرائع سے فراہم کی جاتی ہیں اور ان کے ذریعے صارف کے مالی ڈیٹا تک مکمل رسائی حاصل کر لی جاتی ہے۔ وزارتِ داخلہ نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موبائل ایپس صرف سرکاری پلیٹ فارمز، یعنی ایپل ڈیوائسز کے لیے ایپ اسٹور اور اینڈرائیڈ کے لیے گوگل پلے سے ہی ڈاؤن لوڈ کی جائیں۔ چیٹس یا پیغامات میں دیے گئے لنکس سے ایپ انسٹال کرنا انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔

Advertisement

محکمے نے یہ بھی زور دیا کہ کسی غیر مصدقہ ایپ میں بینک کارڈ کی تفصیلات درج نہ کی جائیں، بلکہ ادائیگی کے لیے محفوظ نظام جیسے ایپل پے، گوگل پے یا براہِ راست بینکنگ سروسز استعمال کی جائیں۔ اس کے علاوہ، اگر کوئی ایپ ایس ایم ایس، کانٹیکٹس یا کال ہسٹری تک رسائی مانگے تو ایسی ایپ انسٹال کرنے سے گریز کیا جائے۔

سائبر سیکیورٹی کے ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ موبائل فون میں اینٹی وائرس سافٹ ویئر نصب رکھا جائے اور آپریٹنگ سسٹم و ایپس کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جائے۔ کسی نئی سروس کے استعمال سے پہلے ساتھیوں سے مشورہ، آن لائن ریویوز، ڈیولپر کی ویب سائٹ اور ساکھ کی جانچ بھی ضروری قرار دی گئی ہے۔

وزارتِ داخلہ نے واضح کیا کہ اگر کسی شخص کو اپنے اکاؤنٹ سے غیر مجاز لین دین کا علم ہو تو فوری طور پر بینک سے رابطہ کر کے کارڈ بلاک کروایا جائے اور فراڈ کی اطلاع دی جائے۔ ساتھ ہی مشکوک ایپس، ٹرانزیکشنز اور گفتگو کے اسکرین شاٹس محفوظ رکھنا تفتیش میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

ادھر وزارتِ داخلہ نے یہ بھی بتایا ہے کہ جعلسازوں نے ایک نیا طریقہ اختیار کیا ہے جس کے تحت روسی شہریوں سے پاسپورٹ ڈیٹا اور ایس این آئی ایل ایس نمبر فوجی رجسٹریشن آفس کے نام پر حاصل کیے جا رہے ہیں۔ اس طریقہ واردات میں متاثرہ شخص کو فون کر کے ڈیٹا کی ڈیجیٹلائزیشن کا بہانہ بنایا جاتا ہے اور جعلی اجازت نامے کے نام پر حساس معلومات حاصل کر لی جاتی ہیں۔