کراچی: گل پلازہ آتشزدگی—6 افراد جاں بحق، 58 تاحال لاپتا، وزیر اعلیٰ سندھ

fire fire

کراچی: گل پلازہ آتشزدگی—6 افراد جاں بحق، 58 تاحال لاپتا، وزیر اعلیٰ سندھ

اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 58 افراد اب بھی لاپتا ہیں۔ گل پلازہ کے دورے کے موقع پر انہوں نے بتایا کہ عمارت بیسمنٹ، گراؤنڈ اور تین منزلوں پر مشتمل تھی اور آگ تیزی سے پھیلی، جس کے باعث بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ تاجروں کو ہونے والے مالی نقصان کا ازالہ کیا جائے گا، تاہم انسانی جانوں کے نقصان کا کوئی نعم البدل ممکن نہیں۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس افسوسناک سانحے پر سیاست کرنا انتہائی نامناسب ہے۔

سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ 20 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا جنہیں طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے وقت وہ کراچی سے باہر تھے تاہم کمشنر، میئر اور ڈپٹی میئر سے مسلسل رابطے میں رہے۔ وزیر اعلیٰ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے تاحال ان سے رابطہ نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بغیر مناسب اسٹڈی کے کئی منزلہ عمارتوں کی اجازت دی گئی، اور جب اصلاحی اقدامات کی بات کی جاتی ہے تو بلڈرز ناانصافی کا شکوہ کرتے ہیں۔ اگر کسی سازش کے شواہد سامنے آئے تو اس پر ضرور بات کی جائے گی۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ نے گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کمرشل عمارتوں کے فوری فائر سیفٹی آڈٹ کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے، تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔

Advertisement