چین کینیڈا کو ’نگل جائے گا‘، صدر ٹرمپ کا دعویٰ

Trump Trump

چین کینیڈا کو ’نگل جائے گا‘، صدر ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر کینیڈا واشنگٹن کے ساتھ تعاون سے انکار کرتا رہا تو چین اسے ’’نگل جائے گا‘‘۔ جمعے کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ کینیڈا امریکا کے مجوزہ ’’گولڈن ڈوم‘‘ میزائل دفاعی نظام کی مخالفت کر رہا ہے، حالانکہ یہ منصوبہ کینیڈا کے تحفظ کے لیے بھی فائدہ مند ہو سکتا ہے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق گولڈن ڈوم دفاعی نظام اسرائیل کے آئرن ڈوم سے متاثر ہو کر تیار کیا جا رہا ہے اور اسے گرین لینڈ تک پھیلانے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے لکھا کہ کینیڈا اس منصوبے کے خلاف ہے، لیکن اس کے برعکس چین کے ساتھ کاروبار کے حق میں ووٹ دے رہا ہے، جو ان کے بقول پہلے ہی سال میں کینیڈا کو ’’کھا جائے گا‘‘۔ ٹرمپ نے ایک بار پھر گرین لینڈ کو امریکا میں شامل کرنے کی دھمکی دہراتے ہوئے کہا کہ آرکٹک خطے پر کنٹرول امریکا کو روس اور چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے میں مدد دے گا۔ رواں ہفتے ڈاووس میں گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ کینیڈا کو اپنی سلامتی کے لیے امریکا کا شکر گزار ہونا چاہیے اور دعویٰ کیا تھا کہ ’’کینیڈا امریکا کی وجہ سے ہی زندہ ہے‘‘۔

کینیڈا کے وزیرِ اعظم مارک کارنی نے صدر ٹرمپ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک اپنی کامیابی کا مقروض امریکا نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی بالادستی پر مبنی عالمی نظام اس وقت شدید بحران اور ٹوٹ پھوٹ کے مرحلے سے گزر رہا ہے۔ بعد ازاں صدر ٹرمپ نے مارک کارنی کے اس مؤقف پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں اپنی مجوزہ عالمی تنازعات کے حل کے لیے قائم کی گئی تنظیم ’’بورڈ آف پیس‘‘ سے خارج کر دیا۔ دوسری جانب چین نے آرکٹک خطے میں دیگر ممالک کے مفادات کو نقصان پہنچانے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیاکن نے کہا کہ ’’چین کے خطرے‘‘ کا بیانیہ من گھڑت ہے اور چین ایسے جھوٹے بیانیے گھڑنے اور اپنے مفادات کے لیے چین کو بہانہ بنانے کی مخالفت کرتا ہے۔

Advertisement