یورپ میں غم و غصہ: ٹرمپ نے 457 برطانوی فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا

British Army British Army

یورپ میں غم و غصہ: ٹرمپ نے 457 برطانوی فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا

ماسکو (صداۓ روس)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی فوجیوں کو ’’بہادر‘‘ قرار دیتے ہوئے ان کی قربانیوں کی تعریف کی ہے، یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ان کے سابقہ ریمارکس پر یورپ بھر میں سابق فوجیوں اور حکام کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا تھا۔ اس ہفتے کے آغاز میں ٹرمپ کو اس وقت سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے کہا تھا کہ افغانستان میں امریکی قیادت میں جاری 20 سالہ جنگ کے دوران اتحادی ممالک ’’کچھ پیچھے رہے اور محاذ سے دور رہے‘‘۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ امریکا کو کسی اتحادی کی مدد کی ضرورت ہی نہیں تھی۔ برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے ٹرمپ کے ان بیانات کو ’’توہین آمیز اور نہایت شرمناک‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی صدر کو اس پر معافی مانگنی چاہیے۔

بعد ازاں ہفتے کے روز ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مؤقف میں نرمی لاتے ہوئے برطانوی فوج کے کردار کو تسلیم کیا۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر لکھا کہ برطانیہ کے عظیم اور نہایت بہادر فوجی ہمیشہ امریکا کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ ٹرمپ کے مطابق افغانستان میں 457 برطانوی فوجی ہلاک ہوئے جبکہ متعدد شدید زخمی ہوئے، اور وہ دنیا کے عظیم ترین جنگجوؤں میں شامل تھے۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا اور برطانیہ کے درمیان تعلق اتنا مضبوط ہے کہ اسے کبھی توڑا نہیں جا سکتا، اور برطانوی فوج دل و جان سے بھرپور ہے اور اپنی مثال آپ ہے، سوائے امریکی فوج کے۔ واضح رہے کہ 2001 میں نائن الیون حملوں کے بعد امریکا نے نیٹو کے اجتماعی دفاعی شق آرٹیکل 5 کو فعال کیا، جس کے تحت نیٹو کے رکن ممالک نے افغانستان پر حملے میں امریکا کا ساتھ دیا۔

Advertisement

برطانوی وزیر اعظم کے دفتر ڈاؤننگ اسٹریٹ کے مطابق کیئر اسٹارمر نے اس معاملے پر صدر ٹرمپ سے بات کی، جس میں افغانستان میں شانہ بشانہ لڑنے والے برطانوی اور امریکی فوجیوں کا ذکر کیا گیا، جن میں سے کئی وطن واپس نہ لوٹ سکے۔ ٹرمپ کے اتحادیوں سے متعلق بیانات پر صرف برطانیہ ہی نہیں بلکہ دیگر ممالک نے بھی ناراضی کا اظہار کیا۔ اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے ٹرمپ کے بیان کو ’’ناقابل قبول‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیٹو کا کردار امریکا کے ساتھ غیر معمولی یکجہتی کی عکاسی کرتا ہے۔