روس انڈونیشیا کو پُرامن جوہری ٹیکنالوجیز فراہم کرنے کے لیے تیار، روسی سفیر
ماسکو (صداۓ روس)
روس نے انڈونیشیا کو توانائی سمیت مختلف شعبوں میں پُرامن جوہری ٹیکنالوجیز فراہم کرنے کی آمادگی ظاہر کی ہے۔ انڈونیشیا میں روسی سفیر سرگئی تولچینوف نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ماسکو نہ صرف توانائی کے شعبے بلکہ خوراک کی صنعت، زراعت اور جوہری طب میں بھی انڈونیشیا کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔ روسی سفیر کے مطابق روس گزشتہ سال اپنی جوہری صنعت کے قیام کے 80 سال مکمل ہونے کا جشن منا چکا ہے اور اپنے شراکت دار ممالک کو آزمودہ اور قابلِ اعتماد ٹیکنالوجیز فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روس انڈونیشیا کو چھوٹے ماڈیولر ری ایکٹرز سمیت جدید جوہری ٹیکنالوجیز بھی فراہم کر سکتا ہے، جو توانائی کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت سمجھی جاتی ہیں۔ سرگئی تولچینوف نے کہا کہ روس اور انڈونیشیا کے درمیان کئی مشترکہ اقدار پائی جاتی ہیں۔ دونوں ممالک اپنی خودمختاری کو اہمیت دیتے ہیں اور بیرونی مداخلت یا اخلاقی لیکچر بازی کو قبول نہیں کرتے۔ ان کے مطابق دونوں ریاستیں کئی اہم شعبوں میں خود کفیل ہیں جبکہ ان کے عوام کھلے دل کے، دوستانہ اور باہمی تعاون پر یقین رکھتے ہیں۔
روسی سفیر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک اقتصادی، سیاسی، ثقافتی اور تعلیمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل انڈونیشیا کے ریاستی سیکریٹری پراسیتیو ہادی نے اعلان کیا تھا کہ انڈونیشیا خوراک سے لے کر توانائی تک تمام شعبوں میں خود کفالت کے عزم پر قائم ہے۔