پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دے دی

Saim Ayub Saim Ayub

پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دے دی

اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان نے تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے مقابلے میں آسٹریلیا کو 22 رنز سے ہرادیا۔ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کیے۔ قومی ٹیم کی جانب سے صائم ایوب 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ سلمان علی آغا نے 39 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ بابر اعظم 24 رنز بناسکے، عثمان خان نے 18 اور فخر زمان نے 10 رنز اسکور کیے۔ محمد نواز نے آخر میں 15 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 24 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز ہی بناسکی۔ کیمرون گرین 36 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ زاویئر بارٹلے 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلوی کپتان ٹریوس ہیڈ نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 10 رنز دے کر 2 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ صائم ایوب نے بھی 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاداب خان اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس میچ میں آسٹریلیا کی قیادت ٹریوس ہیڈ نے کی، جبکہ جوش انگلس، مچل مارش اور مارکس اسٹوائنس ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ماہلی بئیرڈ مین، جیک ایڈورڈز اور میتھیو رنشا نے ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا۔ پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، بابر اعظم، فخر زمان، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل تھے۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 31 جنوری جبکہ تیسرا اور آخری میچ یکم فروری کو کھیلا جائے گا۔

Advertisement