ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان نے اعصاب شکن مقابلے میں نیدرلینڈز کو تین وکٹ سے ہرا دیا

Babar Azam and Shaheen Afridi Babar Azam and Shaheen Afridi

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان نے اعصاب شکن مقابلے میں نیدرلینڈز کو تین وکٹ سے ہرا دیا

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹ سے شکست دے دی۔ ایک سو اڑتالیس رنز کا ہدف قومی ٹیم نے آخری اوور میں حاصل کیا، جہاں فہیم اشرف کی جرات مندانہ اور ذمہ دارانہ بیٹنگ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ کولمبو میں کھیلے گئے اس مقابلے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ نیدرلینڈز کی ٹیم انیس اعشاریہ پانچ اوورز میں ایک سو سینتالیس رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ میچ کے آغاز میں ہی پاکستانی بولرز نے دباؤ بنا لیا اور پہلی وکٹ اٹھائیس رنز پر گری، جب میکس ڈووڈ پانچ رنز بنا کر سلمان مرزا کا شکار بنے۔ دوسری وکٹ اکتیس رنز پر گری، محمد نواز نے مائیکل لیوٹ کو چوبیس رنز پر آؤٹ کیا۔

نیدرلینڈز کی تیسری وکٹ پینسٹھ رنز پر ابرار احمد نے حاصل کی، کولن اکرمین بیس رنز بنا سکے۔ اس کے بعد ڈچ بیٹرز نے پارٹنرشپ قائم کر کے اسکور ایک سو پانچ تک پہنچایا، تاہم محمد نواز نے بروقت وکٹ لے کر رفتار توڑ دی۔ بعد ازاں نیدرلینڈز کے تمام بیٹرز کیچ آؤٹ ہوتے گئے اور ٹیم بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی۔

Advertisement

پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد نواز اور ابرار احمد نے دو، دو وکٹیں لیں۔ صائم ایوب اور شاہین آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ شاداب خان چار اوورز میں چھبیس رنز دے کر وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز جارحانہ رہا۔ صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے اننگ کا آغاز کیا، صائم ایوب تیرہ گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے چوبیس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ دوسری وکٹ ترپن رنز پر گری، جب کپتان سلمان علی آغا بارہ رنز بنا سکے۔

پاکستان کو ایک جھٹکے میں دو وکٹیں اٹھانوے رنز پر لگیں، صاحبزادہ فرحان سینتیس گیندوں پر سینتالیس رنز بنا کر جبکہ عثمان خان صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اگلے ہی اوور میں بابر اعظم بھی پندرہ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد محمد نواز اور شاداب خان بھی جلد آؤٹ ہو گئے اور اسکور ایک سو چودہ تک پہنچتے پہنچتے سات وکٹیں گر چکی تھیں۔

ایسے نازک موقع پر فہیم اشرف نے ذمہ داری سنبھالی اور آخری اوور میں میچ ختم کر دیا۔ انہوں نے گیارہ گیندوں پر انتیس رنز کی شاندار ناقابلِ شکست اننگ کھیلی اور پاکستان کو ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز دلوایا۔