ماسکو میں زکوٰۃ سینٹر خیراتی فنڈ کا افتتاح، معروف فلاحی شخصیات کی شرکت
(اشتیاق ہمدانی)
ماسکو: روس کے دارالحکومت ماسکو میں زکوٰۃ سینٹر کے زیراہتمام خیراتی فنڈ کے افتتاح کے سلسلے میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کا انعقاد روس میں فلاحی سرگرمیوں کے فروغ اور سماجی تعاون کے جذبے کو مضبوط بنانے کے لیے کیا گیا۔ تقریب کے پروگرام میں فنڈ کے جنرل ڈائریکٹر کی تقریر، منصوبوں کی پریزنٹیشن، میڈلز کی تقسیم، مختلف مقررین کے خطابات کے علاوہ ثقافتی و تفریحی پروگرام اور عشائیہ بھی شامل تھا۔
روسی حکام کے مطابق ملک میں سال 2026 کو صدر ولادیمیر پوتن کی جانب سے “روسی اقوام کے اتحاد کا سال” قرار دیا گیا ہے، جس کا مقصد مختلف قومیتوں اور نسلی گروہوں کے درمیان یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔ اسی تناظر میں خیراتی ادارے، جن میں زکوٰۃ فاؤنڈیشن بھی شامل ہے، قومی ہم آہنگی اور انسانی خدمت کے میدان میں سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔
تقریب میں جنرل ڈائریکٹر ماگومید رسول ماگومیدووچ نے فنڈ کے اہداف اور منصوبوں پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ زکات اور خیرات کو معاشرتی ہم آہنگی اور سماجی خدمت کا ذریعہ بنایا جائے گا۔ فلاحی تنظیموں نے خصوصی فوجی آپریشن کے علاقوں میں متعدد مرتبہ انسانی امداد بھی فراہم کی ہے جبکہ روسی فوج کے مختلف یونٹس، خصوصاً طبی شعبے کو بھی تعاون پہنچایا گیا ہے۔ شہریوں اور خیراتی اداروں کے عطیات کے ذریعے محاذ پر موجود فوجیوں کی مدد کے لیے 62 ارب روبل سے زائد رقم جمع کی گئی ہے۔
فلاحی شعبے میں ان کی کوششوں کی حمایت میں دیگر معروف خیراتی کارکنان اور ٹیم ممبرز بھی موجود تھے، جن میں سے نمایاں افراد یہ ہیں: سُلَیمان أجییف (جنرل ڈائریکٹر، زکات فاؤنڈیشن)، ریفات ازمایلوف (انٹرنیشنل پروجیکٹس کے سربراہ)، احمد زوبنین (فانڈریزنگ ڈپارٹمنٹ کے سربراہ)، ایلدار وائنوف (خیراتی تقریبات کے سربراہ)، اور لُطفیہ ینیکیوا (فنانشل ڈائریکٹر) شامل تھے، جنہوں نے روس بھر میں انسانیت دوست کاموں کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ روس میں خیراتی سرگرمیاں محض انسانی امداد تک محدود نہیں بلکہ یہ سماجی یکجہتی، قومی اتحاد اور وطن کے دفاع میں شریک افراد کے ساتھ کھڑے ہونے کی علامت بن چکی ہیں۔ روسی فوج کی جانب سے متاثرہ شہری آبادی تک امداد پہنچانے کے ساتھ ساتھ اہلکاروں کو عوامی محبت اور قدردانی کے پیغامات بھی دیے گئے۔ شرکا نے اس بات پر بھی زور دیا کہ زکات اور خیراتی تعاون نہ صرف امداد فراہم کرتا ہے بلکہ مختلف معاشرتی طبقات کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کو بڑھاتا ہے، خاص طور پر اس وقت جب روس میں “روسی اقوام کے اتحاد کا سال” منایا جا رہا ہے۔
تقریب کے اختتام پر منتظمین نے کہا کہ زکوٰۃ سینٹر اور دیگر فلاحی ادارے آئندہ بھی سماجی تعاون اور انسانی خدمت کے منصوبوں کو جاری رکھیں گے۔